لاہور،نیویارک(پاکستان نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے سال کا آغاز ہو گیا۔ اسلام آباد، کراچی، پشاور میں آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ، آسمان رنگ و نور میں نہا گیا ، شہر شہر فائر ورکس نے سماں باندھ دیا۔ مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، جشن کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا ، لاہور میں لبرٹی چوک کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا۔ بحریہ ٹان کراچی میں ڈانسنگ فانٹین پر میوزیکل شو کا انعقاد کیا گیا، لیزر لائٹ شو نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے ۔ کلفٹن میں باغ ابن قاسم پر سال نو کے جشن کا اہتمام، کے ایم سی کے میوزیکل ایونٹ میں منچلوں کا خوب ہلہ گلہ جاری ہے۔ سال 2025 کا آغاز سب سے پہلے بحر الکاہل کے نیم آباد علاقوں سے ہوا جس کے بعد نیوزی لینڈ اور پھر آسٹریلیا میں نئے سال نے قدم رکھا۔ سال نو کے پہلے بھر پور جشن کا اہتمام نیوزی لینڈ کا سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں کیا گیا تھا جہاں 12 بجتے ہی آسمان پر برق ونور کے نظارے پھوٹ پڑے۔ نیوزی لینڈ میں شاندار آتش بازی سے شہریوں نے نئے سال کا استقبال کیا ۔ شہری بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور ہم آواز ہو کر کانٹ ڈان میں حصہ لیا۔ جیسے ہی گھڑیال نے 12 بجے کا ڈنکا بجایا۔ نیوزی لینڈ کے بعد نئے کو خوش آمدید کہنے والی دوسری قوم آسٹریلوی ہیں جہاں تقریبا ہر بڑے شہر میں جشن سال نو کی تقاریب کا انتظام کیا گیا۔ جزائر غرب الہند میں جزیرہ کیریمیسی نئے سال کا استقبال کرنے والا پہلا آباد جزیرہ ہوگا۔ یہاں کی آبادی تقریبا پانچ ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ دنیا میں سال نو منانے والا سب سے آخری علاقہ امریکہ کا سا موا ہوگا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نئے سال ) 2025 کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں میری یہ دعا ہے کہ 2025 کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہو، میری یہ بھی دعا ہے کہ نئے سال میں ہم گزشتہ سال کی اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات کریں اور ایک نئے روشن مستقبل کا آغاز کریں ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 2025 پاکستان کے لیے امن ، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تمام اہل وطن اور عالمی برادری کو نئے سال کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے اس امید اور عزم کا اظہار کیا ہے کہ آنے والا سال اتحاد، ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔