لاہور (پاکستان نیوز)ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق آج لاہور کی فضا مجموعی طور پر مضرِ صحت رہنے کا امکان ہے۔ ماحولیاتی تجزیاتی اعداد و شمار کے مطابق رات 12 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان لاہور کا اے کیو آئی 315 سے 340 جبکہ صبح 6 بجے سے 11 بجے کے دوران بڑھ کر 310 سے 355 کے درمیان رہنے کاامکان ہے،درجہ حرارت دن بھر 21 سے 31 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق گردوغبار اور ٹریفک کے دبائو کے باعث فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پی ایم 10 کی مقدار میں اضافہ ہوسکتا ہے،عالمی درجہ بندی کے مطابق لاہور 300 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر بن گیا ہے جبکہ دہلی 280 اور کولکتہ 184 کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ فضائی آلودگی میں اضافے کی بڑی وجہ بھارت سے آنیوالی آلودہ ہوائیں اور سرحد پار فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات قرار دیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر ادارہ تحفظ ماحولیات لاہور علی اعجاز نے بتایا کہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کی وجہ سے سرحدپارسے آنیوالا دھواں اور ہوائیں بھارتی بارڈ رسے جڑے پاکستانی شہروں کو آلودہ کررہا ہے۔سنیئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہاکہ سوگ سیزن میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایاجارہاہے،یہ عوام کی جان اور صحت کا معاملہ ہے، کسی کو شہریوں کے جینے کے حق سے کھیلنے نہیں دیں گے۔پنجاب بھر میں دھواں اگلتے بھٹوں کیخلاف کارروائی جاری ہے۔







