واشنگٹن (پاکستان نیوز)چین نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے حوالے سے امریکہ سمیت دنیا بھر کی جانب سے الزامات کی بوچھاڑ کے بعد دنیا میں اپنی ساکھ کو ایک مرتبہ پھر مضبوط بنایا ہے ، چین نے دنیا بھر میں دوعالمی آرگنائزیشنز سمیت 69سے زائد ممالک کو مفت کورونا ویکسین پہنچا کر اپنے تعلقات اور اثرورسوخ کو بڑھانے کی کامیاب کوشش کی ہے جبکہ اس حوالے سے امریکہ کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہی رہی ہے ، چین نے ویکسین ڈپلومیسی کارڈ کھیلتے ہوئے پاکستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ یورپی ممالک کی بڑی تعداد کو کورونا کی ویکسین مفت فراہم کی ہے ، امریکہ کے ہمسایہ ملک میکسیکو نے بھی کورونا کیخلاف جنگ جیتنے کے لیے چین اور روس سے ویکسین حاصل کرنا شروع کر دی ہے،اس ساری صورتحال کے دوران امریکہ کے لیے چین کے خلاف عالمی محاذ پر سفارتی جنگ آسان نہیں ہوگی ،بائیڈن انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ چین کو عالمی محاز پر شکست دینے کے لیے پر عزم ہے،امریکہ کے ماہرین نے چین کے مقابلے میں امریکہ کی جانب سے فائزر ویکسین کی دنیا بھر میں عدم تقسیم کو دانشمندانہ اقدام قرار دیا ہے کہ کیونکہ اس وقت امریکہ وائرس سے شدید ترین متاثر ممالک میں شامل ہے جس کے لیے پہلے اپنے ملک میں کورونا ویکسین کی وافر مقدار میں فراہمی ضروری ہے ،اس لیے امریکہ کو پہلے اپنے سٹاک کو پورا کرنے کی ضرورت ہے ۔ماہرین نے یورپی ممالک کو اس حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ وہ دنیا کے مستحق ممالک کا کورونا ویکسین کے حوالے سے سہارا نہیں بن سکا ہے جس سے اس کی عالمی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، سربیا کا چین اور روس کا رخ کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے ،مغرب نے خود کو ویکسین کے مسئلے کے حل کے طور پر پیش کرنے کے معاملے میں بڑی ناکامی کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے چین اور روس جیت رہے ہیں ۔گلوبل ہیلتھ انوویشن سینٹر کے بانی ڈائریکٹر کرشنا اودیہ کمار نے کہا ہے کہ اگر آپ پیرو یا میکسیکو میں رہائش پذیر ہیں تو یقین کیجئے کہ آپ کو چینی اور روسی ویکسین فراہم کی جا رہی ہے ،انھوںنے بتایا کہ ممالک مشکل وقت میں مدد کرنے والے ساتھی ممالک کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں اور ان کی قدر کرتے ہیں ، چین ویکسین ڈپلومیسی سے دنیا بھر سے حمایت حاصل کر رہا ہے ، بیجنگ نے مستحق اور دوست ممالک میں کورونا ویکسین کی مفت فراہمی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت مضبوط بنا لیا ہے ، ہمسایہ ممالک کے ساتھ چین دور دراز کے غریب اور مستحق ممالک میں بھی کورونا ویکسین مفت فراہم کررہا ہے جو ممالک چینی ویکسین استعمال کررہے ہیں ان میں سربیا ، ہنگری ، ترکی ، پاکستان ، برونائی ، کمبوڈیا ،لاﺅس ، میانمار ، نیپال ، سری لنکا ، پیرو ، زمبابوے ، مصر ، مراکش ، متحدہ عرب امارات ، بحرین ، عراق ، اردن ،فلپائن ، انڈونیشیا ، ملائیشیا ، برازیل ، چلی ، میکسیکو ، تھائی لینڈ ، ارجنٹائن ، میکسیکو اور دیگر ممالک ہیں ،ایشیائی ممالک میں پاکستان وہ پہلا ملک تھا جس کو چین کی جانب سے سینوفارم ویکسین کی بھاری خوراکیں فراہم کی گئی تھیں۔