اسرائیل نے حملہ کیا تو اسے راکھ کا ڈھیر بنا دینگے، ایران

0
86

تہران (پاکستان نیوز) ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خطے میں کوئی بھی اسرائیل کا وجود نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے اپنے ارد گرد دیوار کھینچ رکھی ہے البتہ اپنی کمزوری اور زوال کو چھپانے کے لیے گاہے بگاہے ایران کو دھمکیاں دیتی رہتی ہے۔ایران کے وزیر دفاع نے اسرائیل کی حالیہ دھمکی کے بارے میں کہا کہ صیہونی حکومت ہماری اصل یا سب سے بڑی دشمن نہیں کیونکہ ایران کے مقابلے میں اس کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے، یہ بات صیہونی بھی اچھی طرح جانتے ہیں اور اگر نہیں جانتے تو انہیں جان لینا چاہیے کہ اگر انہوں نے کوئی غلطی کی تو تل ابیب اور حیفا کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل کردیں گے۔ایران کے وزیر دفاع نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اللہ کے فضل و کرم سے اسلامی جمہوریہ ایران ہر لحاظ سے طاقتور ہے اور ملک کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے اپنی طاقت کا بھرپور استعمال کرے گا۔بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ استقامی تنظیمیں ایران کی سافٹ پاور کی نشانی ہیں جو یمن، عراق، شام اور لبنان میں موجود ہیں اور انہوں نے صیہونی دشمن کے دانت کھٹے کر رکھے ہیں۔ دوسری جانب ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے ینگ آرمی مین فیسٹول کے موقع پر ایرانی ماہرین کے تیار کردہ مصاف نامی ہتھیار اور دوسرے جنگی آلات کی رونمائی کی ہے۔ مصاف ایک ایسا ہلکا ہتھیار ہے جو ہوا سے ٹھنڈا ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شارٹ پسٹن سے کام کرنےوالے اس ہتھیار پر نصب ٹیلی اسکوپ کو چھ مختلف حالتوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس ہتھیار کو کم ترین وقت میں کسی خاص اوزار کے بغیر اسنائپر گن میں بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ مصاف کی ڈیزائننگ، اور اس کی تیاری کے تمام مراحل اندرون ملک اور ایرانی ماہرین کے ہاتھوں طے کیے گئے ہیں اور اسے مسلح افواج کے حوالے کردیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here