انا للہ وانا علیہ راجعون!!!
ڈاکٹر ظفر تقویٰ کا نام ہیوسٹن میں ایک ادبی شخصیت کا نام نہیں بلکہ وہ ایک اردو کی ترویج اور ترقی کے بانیوں میں شمار ہوتے تھے وہ مکمل طور پر ایک یونیورسٹی کا درجہ رکھتے تھے۔ ہیوسٹن میں ادبی سرگرمیوں کے بانی اور مشاعروں کے بھی بانی تھے انہوں نے مشاعروں کی ابتداء اپنے گھر سے شروع کی اور طرحی مشاعرے کرتے تھے اور جو شاعر وہاں آتے تھے ان کو وہ کہتے تھے کہ چاہے چار لائنز ہی کیوں نہ لکھ کر لائیں ،اپنی ہونی چاہئیں کیونکہ لوگ اس زمانے میںفیض احمد فیض، فراز اور دوسرے شاعروں کی کتابوں سے پڑھ کر خود داد لیا کرتے تھے پھر انہوں نے سب ڈویژن کے کلب ہائوس میں مشاعروں کا آغاز کیا۔ پھر بہترین پاکستانی، ہندوستانی شعراء کیساتھ انٹرنیشنل کامیاب مشاعرے منعقد کروائے جس میں انڈیا اور پاکستان کے بڑے اور نامور شاعر شرکت کرتے تھے۔ ڈاکٹر صاحب ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ناسا کیلئے کام کرتے تھے آپ برسوں تک انٹرنیشنل اسپیس میں اکیڈمی کے صدر رہے۔ جس وقت ہیوسٹن میں کوئی شیعہ سنی تعصبات نہیں تھے انہوں نے اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انتہائی خوش اخلاق اور ملنسار آدمی تھے۔ نہایت ہی منکر المزاج تھے غرور نام کی کوئی چیز ان میں موجود نہیں تھی۔ بات کرتے تھے تو معلوم ہوتا تھا پھول جھڑ رہے ہیں ان کو کبھی غصہ میں نہیں دیکھا گیا۔ اردو سے محبت نے انہیں ایسا بنا دیا تھا کہ باوجود بیماری کے مشاعروں میں شرکت کرتے تھے ڈاکٹر آف فزکس کی ڈگری حاصل کی۔ شیعہ تنظیم انجمن میدی کے بانی رکن تھے جو کمیونٹی کی خدمت جاری رکھنے والے کلیدی اداروں کے قیام میں مدد کرتے تھے انہوں نے الہادی اسکول کو فیوچر سٹی پروجیکٹ میں پہچان دلانے میں اہم کردار ادا کیا جو تعلیم اور نوجوانوں کیلئے ان کی گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے انہوں نے اہل بیعت کی مدح میں شاعری کا ایک مجموع شائع کیا اور اردو تنظیم ”بزم اردو ادب” کی بنیاد رکھی جس نے ہماری کمیونٹی میں اردو زبان اور ادب کو ایک جگہ دی۔ کل وہ اس دار فانی سے رخصت ہو گئے لیکن ان کے جنازے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس جنازے میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ علامہ فرحت حسین نے نماز جنازہ پڑھائی اور ویسٹ ہامیر کے قبرستان میں ان کو دفن کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں شاعروں میں افضل فردوس پادری، پرویز جعفری، ایاز مفتی، عدیل زیدی بھی شامل تھے۔ ان کا علم خدمت اور اہل بیت سے محبت کی میراث ان سب کو متاثر کرتی رہے گی جو ان کو جانتے ہیں اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے آمین۔ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے پاکستان نیوز اس عظیم سانحہ پر ان کے اہل خانہ کیساتھ ہے۔
٭٭٭













