ایران کے عسکری سربراہ علی لاریجانی اور غلام رضا سلیمانی اسرائیلی حملے میںجاں بحق

0
4

نیویارک (پاکستان نیوز) اسرائیل کی جانب سے ایران میں کی گئی ایک بڑی فوجی کارروائی کے نتیجے میں ملک کی انتہائی بااثر سیاسی و عسکری شخصیت علی لاریجانی اور بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ایرانی ذرائع ابلاغ نے ان اہم ترین رہنماؤں کی ہلاکت کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے جبکہ علی لاریجانی کے سرکاری اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے ایک پیغام میں ان کی موت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ خدا کا بندہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے طیاروں نے ایران میں ایک خفیہ مقام کو نشانہ بنایا جہاں علی لاریجانی موجود تھے۔ اسرائیلی حکام نے اس کارروائی کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ علی لاریجانی ایران کے اصل مقتدر رہنما بن چکے تھے اور آیت اللہ علی خامنہ ای کے بعد ملک کے تمام عملی معاملات وہی سنبھال رہے تھے۔ اسرائیلی حکومت نے اس حملے کو ایرانی نظام کے خاتمے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔ دوسری جانب ایک اور منظم فضائی حملے میں ایران کی اندرونی سلامتی کے ذمہ دار ادارے بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ غلام رضا سلیمانی ایران کے دفاعی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے اور ملک کے اندرونی امن و امان کے قیام میں ان کا کردار انتہائی کلیدی تھا۔ ان دو بڑی شخصیات کی بیک وقت ہلاکت کو ایران کے لیے ایک غیر معمولی دھچکا تصور کیا جا رہا ہے جس سے خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here