پاکستانی نژاد کھلاڑی کیلئے ”ایتھلیٹ آف دی ایئر ”ایوارڈ کا اعزاز

0
10

ٹورنٹو (پاکستان نیوز)کینیڈا میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران پاکستانی نژاد وہیل چیئر ٹیبل ٹینس کھلاڑی محمد مدثر کو ان کی غیر معمولی کھیل کی مہارت اور کمیونٹی کیلئے خدمات کے اعتراف میں”اتھلیٹ آف دی ایئر” اور سٹییزن ایوارڈ سے نوازا ہے۔ محمد مدثر نے سال 2024 اور 2025 کے دوران کھیل کے میدان میں جو فتوحات حاصل کیں، انہوں نے نہ صرف بریمپٹن بلکہ پورے کینیڈا اور پاکستانی کمیونٹی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ محمد مدثر کی زندگی ہمت اور مستقل مزاجی کی ایک بہترین مثال ہے۔ بچپن میں پولیو وائرس کے باعث معذوری کا شکار ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے عزم کو کمزور نہیں ہونے دیا اور لاہور سے اپنے کھیلوں کے سفر کا آغاز کیا۔ ابتدائی طور پر انہوں نے وہیل چیئر ریسنگ، باڈی بلڈنگ اور نیزہ بازی جیسے کھیلوں میں نام پیدا کیا اور محض 19 سال کی عمر میں چین میں منعقدہ کھیلوں میں پاکستان کے پرچم بردار بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ تاہم ان کی اصل پہچان ٹیبل ٹینس بنی، جس میں وہ پاکستان کے پہلے وہیل چیئر کھلاڑی قرار پائے اور مسلسل پانچ بار نیشنل چیمپئن رہے۔ کینیڈا منتقلی کے بعد بھی ان کا جوش و خروش برقرار رہا۔ انہوں نے 2010 سے 2025 کے درمیان کینیڈا کی نیشنل پیرا ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 30 سونے کے تمغے جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ حال ہی میں انہوں نے 2025 کی کینیڈین نیشنل چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور یو ایس پیرا اوپن میں کانسی کا تمغہ جیت کر اپنی برتری ثابت کی۔ ان کی سب سے حیران کن کامیابی 2014 میں اونٹاریو اوپن میں دیکھنے کو ملی جہاں انہوں نے عام اور تندرست کھلاڑیوں کو شکست دے کر سب کو دنگ کر دیا۔ کھیل کے ساتھ ساتھ وہ کینیڈا اور پاکستان میں معذور افرادکی فلاح و بہبود ،تربیت اور حوصلہ افزائی میں بھی مصروف ہیں۔ وہ ٹیبل ٹینس کینیڈا کی ایتھلیٹ کمیشن کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ بریمپٹن سٹی کی جانب سے دیا جانے والا حالیہ اعزاز ان کی 30 سالہ طویل جدوجہد اور بین الاقوامی سطح پر حاصل کی گئی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here