ایرانی صدر کا دورۂ پاکستان، امن اور تجارتی تعلقات کا آغاز

0
3

اسلام آباد(پاکستان نیوز)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے منگل کے روز اسلام آباد کا ایک اہم سرکاری دورہ مکمل کیا جو کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ نور خان ایئربیس پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام نے ایرانی صدر کا پْر تپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران ایرانی صدر نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور ایران امریکہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ مسعود پزشکیان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں قیام امن کے لیے ایک ذمہ دارانہ کردار قرار دیا۔ دونوں ممالک کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد مفاہمت نامے کے تحت طے پانے والے روڈ میپ پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھایا جا سکے۔ وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت میں تجارت، توانائی، سرحدی سیکیورٹی اور مواصلاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ تعلقات کو معاشی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم کیا جائے گا اور موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ دورے کے اختتام پر دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے قریبی مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here