نیویارک(پاکستان نیوز) کورونا وائرس دنیا کے 162 ملکوں تک پھیل گیا جس سے 7 ہزار 100 سے زائد افراد ہلاک اور 1 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 79 ہزار سے زائد ہو گئی۔ خبر ایجنسی کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس سے آج مزید 349 افراد ہلاک ہو گئے، ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 158 ہو گئی۔ مزید 3 ہزار 233 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے ساتھ تعداد 27 ہزار 980 جا پہنچی ہے۔ برطانیہ میں کورونا سے مزید 20 افراد ہلاک ہونے کے بعد تعداد 55 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1,543 ہو گئی۔ فرانس میں مزید 21 افراد ہلاک ہو گئے، اس طرح مرنے والوں کی تعداد 148 ہو گئی جبکہ ساڑھے 6 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔ امریکا میں کورونا سے مزید 18 افراد ہلاک ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 86 ہو گئی، امریکا میں کورونا مریضوں کی تعداد ساڑھے 4 ہزار سے زائد ہو چکی۔ اسپین میں کورونا وائرس سے مزید 48 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد کل تعداد 342 ہو گئی اور ساڑھے 9 ہزار مریض متاثر بھی ہے۔ جرمنی میں 4، سوئٹزرلینڈ میں 5، بیلجئیم میں 6، نیدر لینڈز اور سوئیڈن میں مزید 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیل میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 298 اور بھارت میں 129 ہو گئی جبکہ پاکستان میں بھی 184 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔