نیویارک میں 8جنوبی ایشیائی وسیاہ فام امیدوار کامیاب

0
7

نیویارک (پاکستان نیوز) نیویارک شہر کی سیاست میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے سٹی مئیر زوران ممدانی کی حمایت یافتہ ترقی پسند تحریک نے ڈیمو کریٹک پرائمری انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ اس انتخابی معرکے میں آٹھ ایسے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جو جنوبی ایشیائی اور انڈو کیریبین پس منظر رکھنے والی تنظیم ڈرم بیٹس کی حمایت یافتہ تھے۔ یہ کامیابیاں نیویارک شہر کے مزدور طبقے اور تارکین وطن کی جانب سے سستی رہائش، بہتر صحت کی سہولیات اور عوامی نقل و حمل کے نظام میں اصلاحات کے مطالبے کی عکاسی کرتی ہیں۔ کلیس ویلڈیز نے کانگریس کی نشست کے لیے ہونے والی پرائمری میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ ان کی یہ فتح نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا ثمر ہے بلکہ یہ مئیر زوران ممدانی کے اس ایجنڈے کی توثیق بھی ہے جس کا مقصد اسٹیبلشمنٹ کی سیاست کو بدل کر عوامی فلاح پر مبنی اقدامات کو فوقیت دینا ہے۔ انتخابی نتائج کے مطابق البانی میں بھی متعدد ترقی پسند امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جن میں ابر کاوس، جیسیکا گونزالیز روہاس، کرسٹن گونزالیز، کرسچن سیلسٹی ٹیٹ، سمانتھا کٹن، ڈیوڈ اورکن اور کارینز رئیس شامل ہیں۔ یہ تمام نئے منتخب نمائندے مئیر کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ امیر طبقے پر ٹیکس لگا کر ان وسائل کو عام لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ یہ نتائج اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ نیویارک کے عوام اب روایتی سیاست سے تنگ آ کر ایسی قیادت کو ترجیح دے رہے ہیں جو عملی اقدامات اور سماجی انصاف پر یقین رکھتی ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here