پاک بھارت امن و استحکام کیلئے 117 ممتاز شخصیات کا دونوں وزرائے اعظم کو کھلا خط

0
5

کراچی(پاکستان نیوز) بھارت اور پاکستان کی 117 ممتاز شخصیات نے وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایک مشترکہ کھلا خط تحریر کیا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ٹھوس اور مستقل اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سینٹر فار پیس اینڈ پروگریس کی جانب سے جاری کردہ اس اپیل پر بھارت سے 61 اور پاکستان سے 56 معروف شخصیات نے دستخط کیے ہیں۔خط میں اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین طویل عرصے سے جاری کشیدگی کے باعث لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل، خوشحالی اور ترقی کے مواقع بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ دستخط کنندگان میں بھارت سے فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی، میر واعظ عمر فاروق اور منوج جھا جبکہ پاکستان سے خورشید محمود قصوری، اشرف جہانگیر قاضی، اسفندیار بھنڈارا اور پرویز ہودبھائی جیسی اہم شخصیات شامل ہیں۔ مشترکہ خط میں دونوں حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اعتماد سازی کے عمل کو بحال کریں، جس میں مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی، دونوں دارالحکومتوں میں ہائی کمشنرز کی دوبارہ تعیناتی، ویزا خدمات کا اجرا اور فضائی حدود کو کمرشل پروازوں کے لیے کھولنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ اٹاری واہگہ بارڈر کو تجارت اور عوامی نقل و حمل کے لیے دوبارہ کھولنے، سرینگر مظفر آباد بس سروس کی بحالی اور دیگر سرحد پار روابط کو فعال کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ خط کے مطابق دونوں ممالک دنیا کی بڑی آبادی کا مسکن ہیں، لہذا امن و مکالمے کا راستہ اپنا کر خطے میں خوشحالی لائی جا سکتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here