عوام کی اکثریت نے صدر ٹرمپ کو بے ایمان قرار دے دیا، سروے رپورٹ

0
6

نیویارک (پاکستان نیوز)ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد سے کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دی اکانومسٹ اور یوگو کے تازہ ترین سروے کے مطابق صرف 33 فیصد امریکی ٹرمپ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 3 فیصد کم ہے۔ اس سروے میں شامل 60 فیصد افراد نے صدر کو دیانت دار اور قابل اعتماد تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، جبکہ 65 فیصد شہریوں کا خیال ہے کہ ملک غلط سمت میں جا رہا ہے۔عوامی جائزوں کے مطابق 53 فیصد امریکیوں نے 80 سالہ صدر کی عمر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اس عہدے کے لیے بہت زیادہ معمر قرار دیا ہے۔ یہ صورتحال نومبر کے مڈ ٹرم انتخابات سے قبل ڈیموکریٹس کے لیے فائدے کی حامل ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ عام کانگریسی رائے دہی میں ریپبلکنز پر 8 پوائنٹس کی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ مارکیٹ لا اسکول اور روئٹرز کے دیگر سروے میں بھی ڈیموکریٹک پارٹی کو برتری حاصل ہے۔ سروے میں 61 فیصد رائے دہندگان نے ٹرمپ پر صدارتی اختیارات کا ذاتی فائدے کے لیے استعمال کرنے اور 55 فیصد نے وزارت انصاف کو اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایسٹ وِنگ میں بال روم کی تعمیر کی بھی 57 فیصد افراد نے مخالفت کی ہے۔ دوسری جانب ٹرمپ نے مقبولیت میں کمی کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ووٹر ان سے نہیں بلکہ کانگریس کی ریپبلکن قیادت سے ناراض ہے۔ 7 سے 10 اگست کے درمیان 1,589 بالغ امریکیوں سے کیے گئے اس سروے میں غلطی کا امکان 3.2 فیصد ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here