پاکستان اس سال 14 اگست 2026ء کو اپنی آزادی کی 79 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ یہ دن ہر پاکستانی کیلئے تجدید عہد، قومی یکجہتی اور اپنے وطن سے محبت کا پیغام لے کر آتا ہے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے یوم آزادی کی خوشی ایک منفرد کیفیت ہے وہ جغرافیائی طور پر پاکستان سے ہزاروں میل دور ضرور ہیں لیکن دل اور جذبات کے اعتبار سے آج بھی اپنی مٹی سے مضبوطی سے جُڑے ہوئے ہیں۔ امریکہ کے مختلف شہروں میں پاکستانی کمیونٹی ہر سال یوم آزادی کو جوش و جذبہ کیساتھ مناتی ہے۔ گھروں، مساجد، کمیونٹی مراکز اور مختلف مراکز اور مختلف تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں سبز ہلالی پرچم لہرایا جاتا ہے۔ قومی ترانہ پیش کیا جاتا ہے اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے دعائیں کی جاتی ہیں۔ وہیں ہمارے معاشرے میں جب تک اس موقع پر ناچ گانا نہ ہو ہمارا جشن آزادی مکمل نہیں ہوتا جبکہ ہمیں اس موقع پر کوئی مثبت کام کرنے چاہئیں جیسا کہ ہیوسٹن میں ہماری ایک ایسی قابل فخر شاعرہ ہے جس نے سوچا کہ کسی طرح اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے کوئی ایسا کام کیا جائے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے اور انہوں نے دن رات محنت کر کے اپنے ٹیلنٹ کو روشناس کروایا اور ایک ایسا کام کر دکھایا جو کسی اور نے نہیں سوچا انہوں نے پوری کمیونٹی کے لوگوں کو جوڑ کر اور ہیوسٹن کا ٹیلنٹ تلاش کر کے پاکستان کا قومی ترانہ جس خوبصورت انداز میں بنایا ہے جس میں قومی ترانہ گانے والے بھی ہیوسٹن کے لوگ ہیں اور ہیوسٹن کے میڈیا اور لوگوں کو بھی اس کا حصہ بنایا ہے وہ شاعرہ کیساتھ ایک بہترین ڈائریکٹر کے طور پر بھی سامنے آئی ہیں اور ان کا یہ کارنامہ ہمیشہ یاد رکھا جائیگا اور میری گذارش ہے تمام لوگوں سے جب بھی وہ کوئی تقریب کریں فرح اقبال کا تیار کردہ قومی ترانہ اپنے پروگراموں میں لگائیں تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کا نام روشن ہو، فرح اقبال مبارکباد کی مستحق ہیں۔ پاکستانی نژاد امریکیوں کی نئی نسل کیلئے بھی یوم آزادی اپنی قومی شناخت سے جڑنے کا ایک اہم موقع ہے والدین اپنے بچوں کو پاکستان کی تاریخ، تحریک آزادی اور قربانیوں کے بارے میں بتائیں جس کے نتیجے میں 14 اگست 1947ء کو ایک آزاد مملکت وجود میں آئی یہ ذمہ داری ماضی کو یاد رکھنے تک محدود نہیں بلکہ نئی نسل کو پاکستان کی ثقافت، زبان، روایات اور قومی اقدار سے روشناس کرانا بھی ضروری ہے۔ یوم آزادی ہمیں یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ صرف جشن منانے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں بلکہ اتحاد، محنت، دیانتداری سے آگے بڑھتی ہیں۔ بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے یہ موقع ہے کہ وہ اپنی کامیابیوں کیساتھ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی دنیا کے سامنے اُجاگر کریں اور اپنے وطن کو معاشی و سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور ہماری حکومت کوبھی چاہیے کہ وہ اپنے ملک میں اپنے مثبت کردار سے سیاسی وابستگیوں کو یکجا کریں، ذاتی مخالفت کو بالائے طاق رکھیں اور ملک کو سلامتی اور یکجہتی کی طرف لے کر جائیں سیاسی مقدمات ختم کریں، یوم آزادی ہمیں اس عہد کی دعوت دیتا ہے کہ ہم جہاں بھی رہیں پاکستان کی عزت، ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ پاکستان زندہ باد!
٭٭٭















