اسلام آباد (پاکستان نیوز)پاکستان سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ معروف سوشل میڈیا مواد تخلیق کار شمسو بی بی، جنہیں انٹرنیٹ کی دنیا میں عائشہ گلمانہ اور مسز عائشہ کے نام سے جانا جاتا تھا، کو جمعہ 14 اگست کے روز نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ پولیس رپورٹس کے مطابق مقتولہ ایک فون کال موصول ہونے کے بعد اپنے بھائی اور بہن کے ساتھ ٹیکسلا کے قریب واقع اپنی رہائش گاہ سے نکلی تھیں کہ راستے میں موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے دوران گردن میں گولی لگنے کی وجہ سے عائشہ گلمانہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ گاڑی بے قابو ہو کر سڑک پر موجود ایک ڈمپ ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حملے کے بعد مقتولہ کے والد نے مقامی ہسپتال میں ان کی لاش کی شناخت کی۔ پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ایف آئی آر کے مطابق 3 ملزمان کی تلاش جاری ہے، جبکہ مقتولہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ وہ حملہ آوروں کو سامنے آنے پر پہچان سکتے ہیں۔ عائشہ گلمانہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر انتہائی مقبول تھیں اور ان کے ٹک ٹاک پر 13 لاکھ سے زائد مداح موجود تھے، جبکہ ان کے وفات کے بعد ان کا اکاؤنٹ پرائیویٹ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یوٹیوب پر بھی ان کے 176000 سے زائد سبسکرائبرز تھے۔ ان کے ناگہانی انتقال پر دیگر سوشل میڈیا صارفیں اور دوستوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔










