کوویڈ قرضہ جات میں اربوں ڈالر کے فراڈیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

0
10

نیویارک (پاکستان نیوز)کووڈ 19 وبائی امراض کے دوران چھوٹے کاروباروں کی امداد کے لیے دئیے گئے سرکاری قرضوں میں اربوں روپے کی مبینہ مالی بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے خلاف محکمہ انصاف اور متعلقہ وفاقی اداروں نے ایک بڑی اور وسیع پیمانے پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جس کے تحت معتدد افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف اور سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے انسپکٹر جنرل نے آپریشن نو ڈوز کے تحت جون سے 1 ستمبر تک جاری رہنے والی مشترکہ کارروائی میں 160 سے زائد افراد کے خلاف فوجداری معاملات درج کیے ہیں ۔حکام کے مطابق اس مبینہ مالی فراڈ کے باعث امریکی ٹیکس دہندگان کو تقریباً 245 ملین ڈالر کے شدید نقصان کا اندیشہ ہے ۔جاری کردہ تفصیلا ت کے مطابق تقریباً 80 افراد پر باقاعدہ فرد جرم عائد کی جا چکی ہے جبکہ 43 افراد نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے اور مزید 40 کے قریب افراد کو سزا سنائی جا چکی ہے ۔ تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ ملزمان نے پے چیک پروٹیکشن پروگرام اور ناگہانی آفت کے قرضہ جات حاصل کرنے کے لیے فرضی کاروبار، جعلی ملازمین، غلط آمدنی کے اعداد و شمار اور دیگر افراد کی شناختی معلومات کا غیر قانونی استعمال کیا ۔ایک انتہائی اہم کیس میں ایک شخص پر الزام ہے کہ اس نے دسیوں ایسے کاروبار ظاہر کر کے 55 ملین ڈالر سے زائد کی رقم حاصل کرنے کی کوشش کی جو وبائی مرض سے پہلے وجود ہی نہیں رکھتے تھے ۔ایک اور معاملے میں 100 سے زائد افراد کے نام پر 470 کے قریب جعلی درخواستیں جمع کرا کے 45 ملین ڈالر ہتھیا نے کی کوشش کی گئی ۔سرکاری اداروں نے اب تک 870000 سے زائد مشتبہ قرضہ جات کو معطل کر دیا ہے جن میں مجموعی طور پر 39 بلین ڈالر کی ممکنہ مالی بدعنوانی کی نشان دہی کی گئی ہے ۔

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here