کانگریس کی اجازت کے بغیر کینڈی سینٹر پر ٹرمپ کا نام لگانے کی کوشش مسترد

0
10

واشنگٹن (پاکستان نیوز)فیڈرل جج نے دارالحکومت واشنگٹن میں واقع ‘کینڈی سینٹر فار دی پرفارمنگ آرٹس’ کی عمارت کے بیرونی حصے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام کندہ کرنے کی بورڈ کی کوششوں کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ یو ایس ڈسٹرکٹ جج کرسٹوفر کوپر نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ کانگریس کی اجازت کے بغیر کینڈی سینٹر میں کسی بھی قسم کی نئی یادگار یا نام نصب نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے صدارتی بورڈ کے اس اقدام کو عدالتی حکم اور امریکی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے زبانی چالبازی کہا ہے۔ اس سے قبل مئی میں بھی عدالت نے عمارت کا نام بدلنے کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے بعد ٹرمپ کا نام ہٹا دیا گیا تھا۔ تاہم بورڈ نے عمارت کی مرمت کے اعتراف میں دوبارہ ایک نئی تحریر کی صورت میں ٹرمپ کا نام شامل کرنے کی کوشش کی جسے جج نے مسترد کر دیا۔ ڈیموکریٹک قانون سازوں نے بورڈ کی اس حرکت کو عدالتی نظام کی توہین قرار دیا۔ دوسری جانب وزارت انصاف کے وکلا کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا نام ہٹانے سے مالی امداد رک جائے گی اور مرکز کو شدید نقصان پہنچے گا۔ اس تنازع کے بعد کینڈی سینٹر کو فنکاروں کے بائیکاٹ اور عطیات میں کمی کا سامنا ہے اور موجودہ عمارت کی ناقص حالت کے باعث اسے 2 سال کے لیے بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here