واشنگٹن (پاکستان نیوز)وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ نے واشنگٹن پوسٹ کی اس رپورٹ پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران جنگ کے دوران ہلاک ہونیوالے امریکی اہلکاروں کی تعداد پینٹاگون کے اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔ وزیر دفاع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس خبر کو سراسر جھوٹ، ناپاک اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اخبار کا رویہ ایرانی سرکاری میڈیا سے بھی زیادہ معصبانہ اور زہریلا ہے۔یہ تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب پینٹاگون کے دفاعی اعداد و شمار کے بارے میں جانکاری رکھنے والے چھ حکام کا حوالہ دیتے ہوئے خبر شائع کی گئی کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 22 سے 23 امریکی فوجی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ یہ تعداد پینٹاگون کے سرکاری معلوماتی نظام میں درج کردہ ہلاکتوں سے کہیں زیادہ ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان میں سے تمام اموات براہ راست جنگ کے باعث نہیں ہوئیں بلکہ کچھ کا تعلق کشیدگی کے علاقے میں تعینات عملے کی دیگر وجوہات سے ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکی وزارت دفاع پر اعداد و شمار بدلنے کا الزام لگا ہو۔ اس سے قبل نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بھی نشاندہی کی گئی تھی کہ اپریل میں عارضی جنگ بندی کے بعد ہلاک شدگان کی فہرست میں سے چار نام ہٹا دیے گئے تھے۔ تاہم پینٹاگون کے ترجمان نے تکنیکی خرابی اور ویب سائٹ کے ڈیٹا کے مسائل کو اس کی وجہ قرار دیا تھا۔ حالیہ تلخ کلامی اور صحافتی اداروں پر تنقید کے بعد امریکی انتظامیہ اور ذرائع ابلاغ کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔










