کرونا کیسز میںکمی کے بعد ایس او پیز قوانین میں نرمی لائی جا رہی ہے :بریفنگ
واشنگٹن (پاکستان نیوز)امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی سی) نے ماسک پہننے سے متعلق اپنی گائیڈ لائنز میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔سی ڈی سی نے منگل کو اپنے اعلان میں کہا ہے ویکسین کا کورس مکمل کرنے والے امریکی شہریوں کو اب چہریپر ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے تاہم پرہجوم مقام پر شرکت کی صورت میں انہیں بھی ماسک پہننا ہو گا۔نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ ایسے شہری جنہوں نے ویکسین کا کورس مکمل نہیں کیا وہ بھی بعض صورت حال میں بغیر ماسک کے باہر جا سکتے ہیں۔سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ اگر شہری ویکسین کا کورس مکمل کر چکے ہوں یا انہوں نے کم از کم ایک خوراک لے لی ہو، وہ ایسے اجتماع میں ماسک کے بغیر شرکت کر سکتے ہیں جہاں سب نے ویکسین کا کورس مکمل کر رکھا ہو۔گزشتہ برس سی ڈی سی امریکی شہریوں کو ماسک پہننے اور چھ فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت پر عمل درآمد پر بھی زور دیتا رہا تھا۔ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کے لیے سی ڈی سی نے اپنی نئی گائیڈ لائنز میں کہا ہے کہ وہ ماسک لگا کر ہی کسی اجتماع میں شرکت کریں ، بے گھر افراد کو ویکسین لگنا شروع ہو گئی۔البتہ سی ڈی سی نے اس بات پر زور دیا کہ ویکسین کا کورس مکمل کر چکے شہریوں سمیت تمام لوگوں کو کانسرٹس، اسپورٹس ایونٹس یا دیگر ہجوم والے اجتماعات میں شرکت کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔سی ڈی سی کی نئی گائیڈ لائنز کو امریکہ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے زندگی معمول پر آنے کی جانب محتاط قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔منگل کو سی ڈی سی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر روشل والینسکی نے نئی گائیڈ لائنز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “گزشتہ ایک برس کے دوران ہم نے اپنا زیادہ تر وقت امریکی شہریوں کو صرف یہ بتانے میں وقف کیا کہ انہیں کیا نہیں کرنا چاہئے لیکن آج بتایا جائے گا کہ وہ کیا کر سکتے ہیں۔