نیو یارک ٹائمز کا 40سالہ اہلکار77 سالہ ساس سسر کے ہاتھوں قتل

0
4

نیویارک (پاکستان نیوز)کیلیفورنیا کے شہر ڈبلن میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران نیو یارک ٹائمز کے ڈائریکٹر آف انجینئرنگ چالیس سالہ ڈائریکٹر جوناْتھن میک کینسی کو ان کے ستتر سالہ ساس سسر نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ ہفتے کی دوپہر ڈبلن اسپورٹس گراؤنڈز کے پارکنگ لاٹ میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق گشت پر مامور ایک اہلکار نے پارکنگ میں ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں دیکھا، جبکہ اسی وقت ایمرجنسی سروس کو بھی فائرنگ کی اطلاعی کالز موصول ہوئیں۔ طبی عملے نے موقع پر پہنچ کر جان بچانے کی کوشش کی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ماسک پہنے ہوئے ایک مرد اور عورت باری باری فائرنگ کرتے دکھائی دیے، جس کے بعد وہ خاموشی سے وہاں سے روانہ ہو گئے۔ مقامی لوگوں کی نشان دہی پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان شیو یونگ ڑانگ اور شیلی چن کو گرفتار کر لیا، جو مقتول کے ساس سسر ہیں۔ دونوں ملزمان پر قتل، سازش اور بچوں کو خطرے میں ڈالنے سمیت شدید نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور انہیں بغیر ضمانت کے سانتا ریٹا جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ عدالتی ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول اور ان کی اہلیہ کے درمیان گزشتہ سال سے گھریلو تنازعات، طلاق اور بچوں کی تحویل کے قانونی مقدمات چل رہے تھے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک قتل کی حتمی وجہ یا محرکات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ نیو یارک ٹائمز نے اپنے ملازم کی موت کی تصدیق کی ہے لیکن جاری تحقیقات کی وجہ سے مزید تبصرے سے انکار کر دیا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here