نیتن یاہو کا دوبئی کا خفیہ دورہ اور شیخ محمد بن زاید سے اہم ملاقات

0
6

تل ابیب (پاکستان نیوز)اسرائیل کے ایک سینیئر سرکاری عہدیدار کے مطابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے غیر اعلانیہ طور پر ابوظبی کا دورہ کر کے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی ہے۔ یہ غیر متوقع ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے سے قبل ملنے والے مبینہ سیکورٹی انتباہات پر شدید بحث جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ دورہ اس رپورٹ کے بعد ہوا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اماراتی صدر نے حماس کے بڑے آپریشن سے قبل نیتن یاہو کو متنبہ کیا تھا۔ عبرانی اخبار ہارٹز کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ نیتن یاہو نے اس خفیہ دورے کا مقصد اماراتی قیادت سے قبل از وقت انتباہ کی خبروں کی تردید حاصل کرنا اور اخلاقی حمایت حاصل کرنا بنایا تھا۔ تاہم امارات نے اس معاملے پر باضابطہ تبصرہ کرنے کے بجائے یہ واضح کیا کہ 2020 کے ابراہم معاہدے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور سیکورٹی تعلقات قائم ہیں۔اسرائیلی اپوزیشن نے اس معاملے پر نیتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر سیکورٹی ناکامیوں کی ذمہ داری عائد کی ہے۔ نیتن یاہو نے تمام تر الزامات کی تردید کرتے ہوئے خبر شائع کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر دونوں ممالک کے سینیئر حکام کے درمیان خلیجی خطے کی سیکورٹی، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here