نیویارک (پاکستان نیوز)امریکی محکمہ محنت کے بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں مہنگائی کی شرح میں توقع سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ درمیانی مدت کے انتخابات کے بعد سامنے آنے والی اس پہلی جامع رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں صارف اشاریہ قیمت میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مالیاتی ماہرین 3 فیصد اضافے کی توقع کر رہے تھے۔ اس سے قبل ستمبر کے دوران ایندھن کی قیمتوں کے باعث 6 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ گزشتہ برس امریکی حکومت کی بندش کی وجہ سے اعداد و شمار کی جمع آوری متاثر ہوئی تھی، جس کی وجہ سے اس بار سالانہ شرح جاری نہیں کی گئی۔ خوراک اور توانائی کی متغیر قیمتوں کو الگ کر کے دیکھا جائے تو بنیادی مہنگائی کی شرح 3 فیصد رہی۔ یہ رپورٹ حالیہ درمیانی مدت کے انتخابات کے بعد معیشت کا پہلا اہم جائزہ ہے، جن انتخابات میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور گرانی کے مسائل کے باعث ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔رپورٹ کے مطابق توانائی کے شعبے میں 7 فیصد اضافہ ہوا، جس میں پیٹرول 1 فیصد اور فیول آئل 2 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ برقی توانائی میں 9 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ دوسری جانب خوراک کی قیمتوں میں بھی 5 فیصد اضافہ ہوا۔ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ فیڈرل ریزرو کی جانب سے آنے والے دنوں میں شرح سود سے متعلق فیصلے پر اہم اثرات مرتب ہوں گے۔









