حضور مجاہد ملت کی ولادت حصول علم دین اور اس کا پس منظر
سید اولاد رسول قدسی مصباحی قسط 9
حضور مجاہد ملت کا تدریسی دور اور آپ کے مشاہیر تلامذہ، ان تمام خوبیوں کے ساتھ ساتھ حضور مجاہد ملت ایک نکتہ سنج اور بلند پایہ مدرس بھی تھے۔ معلوم ہونا چاہیے کہ حضرت مدرسہ معینیہ سے فراغت کے بعد جامعہ نعیمیہ مرادآباد تشریف لے گئے۔ اس وقت جامعہ نعیمیہ میں حضور صدر الافاضل اپنے علم و فن کا گوہر نایاب لٹا رہے تھے۔ حضور مجاہد ملت نے آپ سے حدیث کی منہی کتابیں اور طب یونانی کا درس لیا۔ حضرت صدر الافاضل نے حضور مجاہد ملت کی قابل قدر صلاحیت کو دیکھتے ہوئے جامعہ نعیمیہ میں بحیثیت مدرس تقرر فرمایا۔ آپ بحسن و خوبی درس و تدریس کا فریضہ انجام دے ہی رہے تھے کہ ناگہاں آپ کے مرشد گرامی حضرت مولانا عبد اللہ فی علیہ الرحمہ کے وصال پر ملال کی خبر آئی۔ اس خبر نے حضور مجاہد ملت کے ہوش اڑا دئیے۔ پھر چند ہی ماہ کے بعد ایک اندوہناک اطلاع پہنچی کہ حضرت کے وصال کے بعد مدرسہ سبحانیہ کا انتظام و انصرام متاثر ہو گیا ہے۔
آپ کے مرشد گرامی کے شہزادے کی خواہش پر آپ جامعہ نعیمیہ سے مدرسہ سبحانیہ الہ آباد درس و تدریس کے لیے تشریف لے گئے۔ میرے والد فرماتے تھے کہ جب حضور مجاہد ملت جامعہ نعیمیہ سے جانے لگے تو حضرت صدر الافاضل نے جلوس کی شکل میں آپ کو الوداعیہ پیش کیا اور اس وقت حضرت صدر الافاضل کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے اور انتہائی سوگوار نظر آ رہے تھے۔ وہاں برسوں صدر المدرسین کے عہدہ پر فائز رہ کر علم و فضل کا دریا بہاتے رہے۔ آپ کی بے مثال تدریسی صلاحیت کا اثر تھا کہ طلبہ دور دراز سے کشاں کشاں آپ کی بارگاہ سے اکتساب فیض کے لیے پروانہ وار آتے اور اپنی تشنہ کامی علم کو خوب سیراب کرتے۔ آپ نے نہ جانے کتنے طلبہ کی خود کفالت کی، انہیں علم و فضل سے نوازا اور انہیں وارثین انبیاء کی نورانی صف میں لا کھڑا کیا۔ ویسے تو آپ کے گلشن علم کے سرسبز و شاداب پھولوں کی کمی نہیں، لیکن ان میں سے چند ایسی ہستیاں ہیں جن کا ذکر نہ کیا جائے تو حضرت کا گوشہ حیات تشنہ تکمیل رہ جائے گا۔ اس سلسلے میں ماہنامہ استقامت میں شائع شدہ حضور مجاہد ملت سے ایک انٹرویو کی روشنی میں چند باتیں نذر قارئین کی جا رہی ہیں۔ حضرت فرماتے ہیں، میرے شاگردوں میں مولوی نظام الدین بلیاوی معقولات میں اپنی مثال آپ ہیں اور مولوی سید عبد القدوس بھ?دری علم نحو اور فرائض میں مہارت تامہ رکھتے ہیں۔ خصوصیت کے ساتھ فرائض میں ان کی مہارت کا یہ عالم ہے کہ وہ اپنی طالب علمی کے زمانہ میں الہ آباد اور اطراف الہ آباد میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔









