فیضان محدّث اعظم پاکستان رضی اللہ عنہ

0
12

فیضان محدّث اعظم پاکستان رضی اللہ عنہ

محترم قارئین! ہمیں اپنے منصب کا حقیقی شعور پیدا کرنا ہوگا۔ ہم نبی پاکۖ اور سارے انبیاء علیھم الصّلوٰہ والسّلام کے علوم کے وارث اور جانشین ہیں۔ اور دعوت دین، شہادت حق اور تبلیغ کا وہی فریضہ ہمیں ادا کرنا ہے جو اللہ کے نبی علیھم الصّلوٰة والسّلام انجام دیتے رہے۔ لہذا وہی داعیانہ تڑپ پیدا کرنی چاہئے جو نبیوں علیھم الصّلوٰة والسّلام کا امتیازی وصف ہے۔
قرآن پاک میں ارشاد ربّانی ہے: ترجمہ:” اس نے تمہیں منتخب فرما لیا ہے اور دین کے معاملہ میں تم پر کوئی تنگی نہیں رکھی۔ پیروی کرو اس دین کی جو تمہارے باپ ابراہیم کا دین ہے۔ اس نے پہلے ہی سے تمہیں مسلم کے نام سے نوازا تھا۔ اور اسی سلسلے میں کہ رسول تمہارے لئے دین حق کی شہادت دیں اور تم دنیا کے سارے انسانوں کے سامنے دین حق کی شہادت دو”
یعنی امت مسلمہ رسول اللہۖ کی جانشین ہے اور اس کو وہی کام سرانجام دینا چاہئے جو رسول اللہۖ نے انجام دیا جس طرح آخری رسول ۖ نے اپنے قول وعمل اور شب و روز کی تگ ودو سے اللہ کے دین کو واضح کرنے کا حق ادا کردیا ٹھیک اسی طرح امت کو بھی دنیا کے سارے ہی انسانوں کے سامنے اللہ کے دین کو واضح کرنا ہے اور اسی احساس فرض اور داعیانہ تڑپ کے ساتھ دین حق کی زندہ شہادت بن کر زندہ رہنا ہے۔ اپنی اصل حیثیت کو ہمیشہ نگاہ میں رکھنا ہوگا اور اس کے شایان شان اپنی زندگی کو بنانے اور بنائے رکھنے کی کوشش جاری رکھنی ہوگی۔ یہ امت دنیا کی عام امتوں کی طرح نہیں ہے بلکہ اسے اللہ تعالیٰ نے امتیازی شان بخشی ہے اسے دنیا کی تمام قوموں کی صدر کی طرح رہنمائی کا مقام حاصل ہے یہ امت ہر افراط وتفریط سے پاک، اللہ کی سیدھی شاہراہ پر قائم ہے ۔
قرآن پاک میں ہے ترجمہ: ‘اور اس طرح ہم نے آپ کو ایک امت وسط بنایا ہے تاکہ تم سارے انسانوں کیلئے دین حق کے گواہ بنو اور رسول تمہارے لئے گواہ ہوں” اس آیت کریم میں امت وسط سے مراد بہترین امت ہے۔ اپنے نصب العین کا واقعی علم حاصل کرنا چاہئے اور سرحے صدر کے ساتھ اس کو اپنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اللہ جلُّ شَانُہ کے نزدیک امت مسلمہ کا نصب العین قطعی طور پر یہ ہے کہ وہ کامل یکسوئی اور اخلاص کے ساتھ اُس پورے دین کو قائم اور نافذ کرے جوحضرت محمدۖ لے کر آئے اور جو عقائد وعبادات، اخلاق ومعاشرت اور معیشت وسیاست غرض انسانی زندگی سے متعلق تمام ہی آسمانی ہدایات پر مشتمل ہے۔ نبیۖ نے اپنے مبارک دور میں اس دین کو اپنی تمام تفصیلات کے ساتھ قائم فرمایا آپۖ نے عقائد واخلاق کی تعلیم بھی دی۔ عبادات کے طریقے بھی سکھائے، دین کی بنیادوں پر سماج کی تعمیر بھی فرمائی اور انسانی زندگی کو منظم کرنے اور خیروبرکت سے مالا مال کرنے والی ایک بابرکت اسٹیٹ بھی قائم فرمائی۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ترجمہ: مسلمانو! اللہ نے تمہارے لئے دین کا وہی طریقہ مقرر کیا جس کی وصیت اس نے نوح کو کی تھی اور جس کی وحی اسے رسولۖ ! ہم نے آپ کی طرف بھیجی ہے اور جس کی ہدایت ہم ابراہیم اور موسیٰ اور عیسٰی کو دے چکے ہیں کہ اس دین کو قائم کرو اور اس میں تفرقہ نہ ڈالو”(اشوریٰ١٣)
برائیوں کو مٹانے اور بھلائیوں کو قائم کرنے کیلئے ہمہ وقت کمربستہ رہنا چاہئے۔ یہی امت مسلمہ کے ایمان کا تقاضا ہے اور یہ اس امت کے ملی وجود کا مقصد ہے۔ اسی مقصد کیلئے زندہ رہنا ہے اور اسی کیلئے جان دینی ہے اسی کام کو انجام دینے کے لئے اللہ تعالیٰ نے اس امت کو خیر امت کے عظیم لقب سے سرفراز فرمایا ہے۔ ارشاد ربانی ہے ترجمہ:تم خیر امت(بہترین امت) ہو جو سارے انسانوں کے لئے وجود میں لائی گئی ہے تم بھلائی کا حکم دیتے رہو اور برائی سے روکتے رہو اور اللہ پر تم کامل یقین رکھتے ہو۔”(آل عمران١١) نبیۖ کا ارشاد ہے: ترجمہ: اس ذات کی قسم جس کے قبضے میں میری جان ہے، تم لوگ لازماً نیکی کا حکم دیتے رہو اور برائی سے روکتے رہو ورنہ عنقریب اللہ تم پر ایسا عذاب بھیج دے گا کہ پھر تم پکارتے رہو گے اور کوئی شنوائی نہ ہوگی(ترمذی شریف) اللہ کا پیغام پہنچانے اور بندگان رب کو جہنم کے ہولناک عذاب سے بچانے کے لئے داعیانہ تڑپ اور مثالی درد دسوز پیدا کرنا چاہئے۔ نبی اکرمۖ کی بے مثال تڑپ اور بے پایاں درد کا اعتراف قرآن نے ان الفاظ میں فرمایا ہے: ترجمہ:”شاید ان لوگوں کے پیچھے آپ اپنی جان قربان یعنی ہلاک کر ڈالیں گے۔ اگر یہ لوگ اس کلام ہدایت پر ایمان نہ لائیں۔” اور نبی اکرمۖ نے اپنی اس کیفیت کو ان الفاظ میں بیان فرمایا ہے اور نبی اکرم ۖ نے فرمایا میری مثال اس شخص کی طرح ہے جب آس پاس کا ماحول آگ کی روشنی سے چمک اٹھا تو یہ کیڑے پتنگے اس پر گرنے لگے اور وہ شخص پوری قوت سے ان کیڑے پتنگوں کو روک رہا ہے لیکن پتنگے ہیں کہ اس کی کوشش کو ناکام بنائے دیتے ہیں اور آگ میں گھسے پڑ رہے ہیں۔(اسی طرح) میں تمہیں کمر سے پکڑ پکڑ کر آگ سے روک رہا ہوں اور تم ہو کہ آگ میں گرے پڑ رہے ہو”(مشکوٰة) اسلام کی گہری بصیرت حاصل کرنی چاہئے اور یہ یقین رکھنا چاہئے کہ اللہ کے نزدیک دین تو بس اسلام ہی ہے۔ اس دین حق کو چھوڑ کر جو طریق بندگی بھی اختیار کیا جائے گا۔ اللہ کے یہاں اس کی کوئی قدر وقیمت نہ ہوگی۔ اللہ کے یہاں تو وہی دین مقبول ہے جو قرآن میں ہے اور جس کی عملی تفسیر حضرت محمدۖ نے اپنی مبارک زندگی سے پیش فرمائی۔ بہرحال اسلام سچا دین، قرآن سچی کتاب ہے، اسی پر رہ کر ہم دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اللہ تعالیٰ ہمیں حقائق کو سمجھ کر عمل کی توفیق عطا فرمائے(آمین)۔
٭٭٭٭٭٭

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here