بے وفائی …قتل کا موجب!!!

0
14
سید کاظم رضوی
سید کاظم رضوی

محترم قارئین کرام آپ کی خدمت میں سید کاظم رضا نقوی کا سلام پہنچے۔ آج کل زمانے کو نہ جانے کیا ہوگیا ہے کہ اب انسان کا اپنے ساتھ رہنے والے رشتوں سے بھی اعتبار ختم ہوتا جارہا ہے۔ اب آخر انسان اعتبار کرے بھی تو کس پر کرے؟ ایسی نفسا نفسی کے دور کو دیکھ کر ہی شاید باشعور لوگ خاموشی اختیار کررہے ہیں اور محتاط لوگ خود کو انتہائی محدود کرنے پر مجبور ہیں۔ جس سے آپ راہ و رسم بڑھائیں، ایک نیا کٹا کھل جاتا ہے! یاد رکھیں کہ انسانی رشتوں میں سب سے پہلا و اہم رشتہ مرد و عورت کا ہے، یعنی میاں و بیوی۔ یہی رشتہ سب سے پہلے بنا تھا اور آخر تک اسی نے رہنا ہے، اگر کوئی سمجھ سکے۔ اس کے بعد ماں کا رشتہ آتا ہے جو اپنی جگہ بے پناہ اہمیت کا حامل ہے۔
گڑھی شاہو لاہور کی ایک گھریلو عورت کا سچا واقعہ ہے جس نے بدکرداری کے ریکارڈ توڑ دئیے تھے۔ علاقہ گڑھی شاہو میں 6 ماہ قبل قاسم نامی ایک ریلوے ملازم اپنے گھر کے بیڈروم میں مردہ پایا گیا تھا۔ رومیہہ اور قاسم کی شادی کو 6 سال گزر چکے تھے اور ان کے 2 بچے بھی ہیں۔ گھر میں اللہ کا دیا وہ سب کچھ تھا جس پر ایک اچھی عورت کا شاکر ہونا چاہیے، اور مکان بھی اپنا تھا۔ قاسم اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ رومیہہ ہر وقت فون پر لگی رہتی تھی، سالن بناتے، روٹیاں پکاتے، حتیٰ کہ آٹا گوندھتے وقت بھی ایک ربن کے ذریعے موبائل کان کے ساتھ چپکائے رکھتی تھی۔ قاسم کے بوڑھے والدین یہ سمجھتے تھے کہ چونکہ اس کی 6 بہنیں اور والدین ہیں، اس لیے شاید وہ باری باری سب کے ساتھ بات کرتی ہوگی۔ اگر کبھی پوچھا جاتا تو کہتی کہ ابو جی! قوالی سن رہی ہوں یا بہنوں سے بات کررہی ہوں اور میں نے کس سے بات کرنی ہے۔
لیکن ایک روز رات 12 بجے بوڑھے والدین کو فائر کی آواز سنائی دی۔ گھر میں 3 ہی تو کمرے تھے، اس لیے والدین بھاگ کر بیٹے کے کمرے میں پہنچے۔ انہوں نے دیکھا کہ قاسم خون میں لت پت پڑا تھا جبکہ رومیہہ حواس باختہ پاس کھڑی تھی۔ نہ کوئی پریشانی تھی اور نہ ہی آنکھ میں کوئی آنسو، جبکہ شوہر مردہ پڑا تھا۔ والدین تو یہ دیکھ کر بے ہوش ہوگئے اور محلے داروں نے 15 پر کال کی۔ جب رومیہہ سے پوچھا گیا تو وہ بول اٹھی کہ ایک شخص آیا جس نے پہلے میری عزت لوٹی، پھر زیور اور پیسے چھینے اور اس کے بعد قاسم کو گولی مار کر بھاگ گیا۔ 1122 اور پولیس والے قاسم کی لاش کو ہسپتال لے گئے جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد انکشاف ہوا کہ قاسم کو پہلے نیند کی گولیاں دی گئی تھیں اور اسے بے ہوشی کی حالت میں گولی ماری گئی تھی۔
شک کی بنیاد پر پولیس نے رومیہہ کو تھانے منتقل کیا اور اس سے پوچھ گچھ کی تو وہ قسمیں اٹھاتی رہی کہ میں نے کچھ نہیں کیا۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ شوہر کو کھانے کے بعد کیا کھلایا تھا تو اس کے چہرے کا رنگ اڑ گیا۔ ایک دبنگ خاتون پولیس افسر نے اپنی ماتحتان کو حکم دیا کہ اسے الٹا لٹکاؤ، یہ ایسے نہیں بولے گی۔ اس سختی پر رومیہہ کی بس ہو گئی اور اس نے اعتراف کیا کہ اس کی کسی شخص سے سوشل میڈیا پر دوستی ہو گئی تھی۔ وہ نوجوان عارف والا کا رہنے والا تھا اور دونوں ایک دوسرے سے شادی کرنا چاہتے تھے، اسی وجہ سے انہوں نے قاسم کو راستے سے ہٹا دیا۔ جب پولیس افسر نے پوچھا کہ قتل کرنا کیا ضروری تھا، تم طلاق بھی تو لے سکتی تھیں؟ تو رومیہہ کا جواب تھا کہ طلاق اس لیے نہیں مانگی کیونکہ اس سے والدین کی بدنامی ہوتی، اور چونکہ ایک بہن پہلے ہی طلاق یافتہ ہے اور دو کنواری بیٹھی ہیں، تو وہ ان سب کو کیا منہ دکھاتی۔
واردات کے وقت اس نے شوہر کو کھانے میں نیند کی 4 گولیاں کھلائیں جس سے وہ صرف 20 منٹ میں بالکل بے سدھ ہو گیا۔ آشنا کو پہلے ہی بلوا رکھا تھا جو محلے میں ہی موجود تھا، اور فون کرنے پر وہ آ گیا۔ اس نے پہلے شوہر کے پاس بیڈ پر عاشق کے ساتھ رنگ رلیاں منائیں کیونکہ زیادتی کا ڈرامہ بھی رچانا تھا اور اس کے لیے ثبوت کی ضرورت تھی۔ خیال یہ تھا کہ میڈیکل ہو گا تو زیادتی ثابت ہو جائے گی اور وہ بچ جائیں گے۔ مگر ان سے یہ بڑی غلطی ہو گئی کہ انہوں نے پہلے زیادتی کروائی، پھر لوٹ مار، اور آخر میں قتل کیا۔ پلان کی اس ترتیب نے پورے واقعے کو خود بخود مشکوک بنا دیا اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی نیند کی گولیوں نے تو پہلے ہی اس سارے قصے کو واضح کر دیا تھا۔
پولیس نے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا تھا اور دونوں اس وقت چالان ہو کر جیل میں ہیں، لیکن بوڑھے والدین کا مطالبہ کچھ اور ہے۔ قاسم کے والدین کا کہنا ہے کہ ہمیں عدالت والا انصاف نہیں چاہیے بلکہ ہمیں سی سی ڈی اور مریم نواز فوری انصاف فراہم کریں۔ اس بڑھاپے میں ہم تھانے کچہری کے دھکے کیوں کھائیں، ہمارا اکلوتا بیٹا تو چلا گیا اور ہماری دنیا ہی اجڑ گئی، اب ہمیں کیا ضرورت ہے کہ ہم کسی فحشہ عورت کے لیے عدالتوں کے دھکے کھاتے پھریں۔
قارئین کرام! یہ صرف ایک واقعہ نہیں ہے بلکہ اس جیسے ملتے جلتے قصے اب معاشرے میں عام ہوتے جارہے ہیں۔ اگر ان کا سدباب نہ کیا گیا اور کوئی موثر حل نہ نکالا گیا تو ہر مرد اور عورت کی زندگی دائو پر لگ سکتی ہے۔ لوگ اکثر پوچھتے ہیں کہ کیا اس کا بھی کوئی حل ممکن ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ جی بالکل حل موجود ہے، اور وہ یہ ہے کہ آپ اس دین مبین کی تعلیمات پر عمل کرنا شروع کر دیں جس کی ہم پیروی کا دعویٰ کرتے ہیں۔ یہ ایک انتہائی سادہ سا حل ہے جس پر عملی پیرایہ اختیار کرنا اب ہر مسلمان کا بنیادی فرض بنتا ہے۔ دین فطرت یوں ہی نہیں کہلاتا، اور صاحب! اس کے علاوہ اگر کسی سمجھدار و عقلمند کو کوئی اور بہتر حل نظر آتا ہو تو وہ مجیب لودھی صاحب سے یا مجھ سے رابطہ کرکے ضرور آگاہ کریں۔ آپ کے قیمتی وقت کا بہت شکریہ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here