نئی دلی:
مودی سرکار کی پالیسیوں سے تنگ بھارتی عوام نے بی جے پی کے انتخابی منشور کو مسترد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ’گو بیک فاشسٹ مودی‘ کے ہیش ٹیگ کو ٹاپ ٹرینڈ بنادیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی عوام مودی سرکار کی نفرت آمیز پالیسی اور بدترین کارکردگی سے تنگ آکر ’گو بیک فاشسٹ مودی‘ کا مطالبہ کردیا، سوشل میڈیا صارفین نے یہ مطالبہ حکمران جماعت بی جے پی کی طرف سے متنازع اور انتشار پر مبنی انتخابی منشور پیش کرنے کے بعد کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
بھارتی عوام نے نریندرا مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ بی جے پی حکومت ہمیشہ ہندو، مسلمان ،پاکستان،اور گاندھی خاندان کی باتیں کرتی ہے جب کہ عوام کو تعلیم، ملازمتوں، اور بہتر انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔ مودی سرکار کو گھر بھیج کر دلت اور ملک میں موجود تمام اقلیتوں کو امن سے زندگی گزارنے کا موقع دینا چاہئے۔
ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ بی جے پی الیکشن جیتنے کے لیے کسی بھی حد تک گر سکتی ہے لیکن اس بار مودی کی جعلی حب الوطنی کسی کام نہیں آئے گی۔ ایک اور صارف نے مودی کو آئینہ دکھاتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ مودی سرکار نے جانوروں کی خاطر انسانوں کا خون بہایا۔ ایک اور ٹویٹ میں لکھا گیا کہ ہمیں ایسے لیڈرز کی ضرورت نہیں، جو بھارتیوں کو مذہب کے نام پرتقسیم کریں۔
ایک بھارتی نوجوان نے ٹویٹر پر لکھا کہ مودی نے 2 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا، لیکن ایک لاکھ نوکریاں بھی پیدا نہیں کرسکا، الٹا مودی حکومت مختلف سیکٹرز میں لاکھوں ملازمتیں ختم کرنے کا باعث بنی۔ اسی طرح ایک اور ٹویٹ میں یہ تلخ حقیقت بیان کی گئی کہ مودی گجرات میں 300 مسلمانوں کے قتل عام کا ذمہ دار ہے اور ایک بیمار ذہنیت کا نسل پرست انسان ہے۔