انقرہ:
ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کا ساتھ دینا ترکی کی ذمہ داری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترک پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر مصطفیٰ سینٹوپ نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ترکی اس مسئلے پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک قوم جنگ آزادی کے دوران ہندوستانی مسلمانوں کی مدد کو نہیں بھول سکی اور نہ ہم نے اس دوستی کو بھلایا ہے۔
ترک اسپیکر کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا رکھا ہے اور وہاں پرانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، سیکڑوں لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور پوری سیاسی قیادت کو قید کررکھا ہے۔