اسلام آباد / کراچی:
تاجروں اور صنعت کاروں نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر تجارت رزاق داؤد کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کیخلاف بھی احتجاج کا اعلان کردیا۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر ایس ایم منیر نے مشیر تجارت رزاق داؤد کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے صدر نے معاشی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے مشیر صحیح نہیں ہیں، رزاق داؤد کی جگہ کسی اہل شخص کو وزیر تجارت بنایا جائے، انہیں انڈسٹری کا درد نہیں، ان کے اپنے مفادات ہیں اور وہ کاروبار دوست نہیں ہیں، رزاق داؤد کسی ملاقات میں ہمیں نہیں بلاتے، اہم سرکاری اداروں سے بھی ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات غیر تسلی بخش ہیں اور کاروبار متاثر ہورہے ہیں، 5500 ارب روپے کے ٹیکسوں کا ہدف موجودہ حالات میں مشکل ہے، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا سربراہ ریٹائرڈ شخص کو مقرر کردیا گیا، وزارت خزانہ کے سیکریٹری کی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او کے عہدے پر تقرری کی انکوائری کرائی جائے۔
صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شرح سود ہمسائیہ ملکوں سے بہت زیادہ ہے جس سے ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیاں کم ہورہی ہیں۔ ایس ایم منیر نے چیلنج کیا کہ وزیر اعظم ثابت کریں کس شعبہ میں ایکسپورٹ بڑھی ہے۔
ادھر اسلام آباد میں آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بل اور ملازمین کی تنخواہوں کے بھی تاجروں کے پاس پیسے نہیں، ہماری تمام صنعتیں اور تجارت بند ہو رہی ہیں، ایف بی آرہم سے تعاون نہیں کررہا، ایف بی آر کے خلاف احتجاج کے لیے کل پورے پاکستان سے ہمارے تاجر اسلام آباد آرہے ہیں، وزیراعظم صاحب کہتے ہیں کہ ایف بی آر چور ہے تو پھر ہماری جان چھڑائیں، اگر ہماری بات نہ سنی گئی تو ملک بھر میں ایف بی آر دفاتر بند کر دیں گے۔
تاجر رہنما شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ وہ وقت آنیوالا ہے جب تاجر دکانوں کی چابیاں حکومت کے حوالے کریں گے، کل ہزاروں کی تعداد میں تاجراسلام آباد پہنچیں گے، ملک میں کیا کوئی اہل لیڈر نہیں جو وزیر خزانہ بن سکے، مشیرخزانہ نے جب حکومت میں آنا ہوتا ہے تو جہاز پر بیٹھ کر آجاتے ہیں۔
تاجر رہنما نعیم میر نے کہا کہ ڈاکومنٹیشن (دستاویزات) کے جال میں پھنسا کر ایف بی آر کرپشن چاہتا ہے، ہمیں ڈاکومنٹیشن میں نہ الجھایا جائے، ہم اپنے حقوق کیلئے نکل رہے ہیں۔