اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے آکسیجن گیس، سلنڈر اور آکسیجن گیس اسٹور کرنے والے ٹینک کی درآمد پر تین ماہ کے لیے سیلز ٹیکس کی چھوٹ دے دی۔
وفاقی حکومت نے آکسیجن گیس، آکسیجن گیس سلنڈر اور آکسیجن گیس اسٹور کرنے والے ٹینک کی درآمد پر تین ماہ کے لیے سیلز ٹیکس کی بھی چھوٹ دے دی جب کہ ایک ماہ قبل کسٹمز ڈیوٹی کی چھوٹ دی گئی تھی۔
اس حوالے سے فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پیر کو نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ درآمد کنندگان آکسیجن گیس، آکسیجن گیس سلنڈر اور آکسیجن گیس اسٹور کرنے والے ٹینک بغیر سیلز ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی کے منگواسکیں۔
اس بارے میں جب ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں حکومتی پالیسی کے تحت یہ چھوٹ دی گئی ہے تاکہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں سہولت میسر آسکے اور وینٹی لٹر پر جانے والے مریضوں کے لیے آکسیجن گیس سمیت متعلقہ آلات باآسانی دستیاب ہوسکیں۔
ایف بی آر حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ پہلے یکم جولائی 2020ء کو جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت تین ماہ کے لیے کسٹمز ڈیوٹی سے چھوٹ دی گئی تھی اور اب تین اگست کو جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت تین ماہ کے لیے سیمز ٹیکس کی بھی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں کا اطلاق 23 جون سے ہی کیا گیا ہے جس کے مطابق 23 جون اور اس کے بعد کھولے جانے والے لیٹر آف کریڈٹ سمایل سیز و ڈکلیر کی جانے والی آکسیجن گیس، آکسیجن گیس سلنڈر اور آکسیجن گیس اسٹور کرنے والے ٹینک پر مشتمل اشیاء کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی و سیلز ٹیکس سے چھوٹ ملے گی۔