بیجنگ:
چینی وزیردفاع وے فینگ کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت چین اور تائیوان کا دوبارہ الحاق نہیں روک سکتی۔
ایک انٹریو میں چین کے وزیردفاع وے فینگ نے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ ہمیشہ چین کے وسیع تر قومی مفاد میں رہا ہے اور دنیا کی کوئی بھی طاقت چین اور تائیوان کو دوبارہ الحاق سے نہیں روک سکتی ہے جب کہ چین دنیا میں واحد ملک ہے جس کا دوبارہ مکمل الحاق ہونا ابھی باقی ہے۔
چینی وزیردفاع نے کہا کہ چین کے مکمل اتحاد کے احساس کے لیے تائیوان کا مسئلہ حل کرنا وقت کی ضرورت ہے جو نہ صرف چین کا قومی مفاد، عوام کی خواہش ہے بلکہ درست سمت بھی ہے۔
اس سے قبل چینی صدر شی جن پنگ ایک بیان میں کہہ چکے ہیں کہ تائیوان بیجنگ کا ایک صوبہ ہے جو اس سے علیحدہ ہوگیا تھا جسے ضرورت پڑنے پر طاقت کے ذریعے واپس حاصل کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے تائیوان میں اگلے سال جنوری میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل دونوں ملکوں میں تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔