لندن:
برطانیہ میں منشیات کی خرید و فروخت اور ہم جنس پرستی سے متعلق تحقیقات کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی ساتھی اور رکن پارلیمان کیتھ واز کی رکنیت 6 ماہ کے لیے معطل کردی گئی۔
لیبر پارٹی سے منتخب ہونے والے رکن پارلیمان کیتھ واز کو اپنے فلیٹ پر دو کم عمر ہم جنس پرستوں سے کوکین خریدنے اور ہم جنس پرستی کے لیے رقم کی ادائیگی پر تحقیقات کا سامنا ہے۔
ہاؤس آف کامن کی کمیٹی نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کیتھ واز قواعد و ضوابط اور ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ کیتھ واز نے 2016ء میں نہ صرف اعلیٰ قسم کی کوکین خریدی بلکہ ہم جنس پرستی کے لیے رقم بھی ادا کی اس لیے انہیں 6 ماہ کے لیے معطل کیاجاتا ہے۔
کیتھ واز کا تعلق تو لیبر پارٹی سے ہے تاہم وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی دوست ہیں۔ وہ مودی کے لندن میں قیام و طعام کے سلسلے میں کافی متحرک رہتے ہیں اور دورہ لندن کے دوران مودی زیادہ تر وقت انہی کے ساتھ گزارتے ہیں۔