نیویارک(پاکستان نیوز) اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت آئندہ برس ہی چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک بن جائے گا۔ عالمی آبادی کی رفتار کافی سست ہوئی ہے اور سن 2020 میں اس کی رفتار ایک فیصد سے بھی کم رہی۔آبادی سے متعلق اقوام متحدہ نے 11 نئی رپورٹ جاری کی ہے۔ اس میں اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ بھارت اگلے برس ہی دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر چین کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ رپورٹ میں رواں برس نومبر کے وسط تک دنیا کی آبادی آٹھ ارب تک پہنچنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس وقت چین اور بھارت کی آبادی میں بہت زیادہ فرق نہیں ہے اور 2022 میں بھارت کی آبادی جہاں ایک ارب 41 کروڑ کے آس پاس ہے، وہیں چین کی آبادی ایک ارب 42 کروڑ 60 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ اقوام متحدہ کی جاری کردہ اس رپورٹ کے مطابق جس رفتار سے بھارت کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے اس کے مد نظر امکان اس بات کا ہے کہ بھارت اگلے برس ہی دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر چین کو پیچھے چھوڑ دے گا۔