آئی ایم ایف کاقرض پروگرام بحال

0
89

اسلام آباد(پاکستان نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اعلان کیا ہے کہ اس کا پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام کی بحالی کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو آئی ایم ایف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے پاکستان کے ساتھ معطل شدہ قرض پروگرام کو بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ایک سٹاف لیول معاہدے سے جو ابھی بھی بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے، ایک توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت تقسیم ہونے والی رقم چار ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائے گی جسے سات ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے اور اگلے سال جون تک توسیع دی جا سکتی ہے۔ 2019 میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے چھ ارب ڈالر کے بیل آٹ پیکج پر دستخط کیے تھے تاہم جب ان کی حکومت نے سبسڈی کے معاہدوں سے انکار کیا اور ٹیکس وصولی کو نمایاں طور پر بہتر بنانے میں ناکام رہے، تو یہ پیکج تعطل کا شکار ہو گیا۔ یہ نیا معاہدہ شہباز شریف کی حکومت کی جانب سے کیے گئے سخت اقدامات کے بعد سامنے آیاہے۔ اپریل میں اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات پرسبسڈی کو ختم کر دیا تھا اور ٹیکس وصولی کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے نئے اقدامات متعارف کرائے۔ آئی ایم ایف ٹیم کے سربراہ ناتھن پورٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ایک مشکل معاشی موڑ پر ہے اس کے لیے بیرونی عوامل اور ملکی پالیسیاں ذمہ دار ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here