لاہور:
چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت منظور ہونے کے بعد مریم نواز کا پاسپورٹ اور 7 کروڑ روپے زر ضمانت عدالت میں جمع کرادیےگئے ہیں ۔
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا جب کہ مریم نواز کو ڈپٹی رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کو پاسپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی تھی۔
منگل کے روز مریم نواز کا پاسپورٹ اور 7 کروڑ روپے زر ضمانت عدالت میں جمع کرادیے گئے، مریم نواز کا پاسپورٹ بذریعہ درخواست لاہور ہائیکورٹ کی جوڈیشل برانچ میں جمع کروایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم
مریم نواز کے وکلا نے انکا کا پاسپورٹ جمع کروایا اور کیپٹن صفدر نے خود زر ضمانت کی رقم جمع کروائی۔ لاہور ہائیکورٹ اور احتساب عدالت میں مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد مریم نواز کی رہائی کی روبکار جاری ہوں گے۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپس جارہی تھیں۔ مریم نواز نے 24 اکتوبر کو اپنے والد نواز شریف کی تیمارداری کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔