ٹورنٹو (پاکستان نیوز) کوستا ریکا میں منعقدہ انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ میں کینیڈین ٹیم نے 5 میڈلز حاصل کئے۔ یاد رہے کہ پاکستان نیوز کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان نیوز کے ایگزیکٹو ایڈیٹر محمد مدثر گذشتہ گیارہ برس سے نہ صرف کینیڈین نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں بلکہ کینیڈین نیشنل ٹیم کے رکن ہونے کی حیثیت سے کئی بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑتے آرہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ ٹورنامنٹ میں وہیل چیئر کیٹیگری میں سنگل ایونٹ میں تیسری جبکہ ٹیم ایونٹ (ڈبلز)میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے کینیڈین ٹیم کے سر فہرست کھلاڑی قرار پائے۔ محمد مدثر کے علاوہ سٹینڈنگ کیٹیگری میں پاکستانی نژاد کینیڈین کھلاڑی سید اسد حسین نے ٹیم ایونٹ میں اپنے ساتھی کھلاڑی مارٹن کے ہمراہ دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ ان کے علاوہ چائنیز نژاد کھلاڑی میتھیس نے بھی ٹیم ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کینڈین ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں محسن وٹو اور سٹیو ڈن نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے15 ممالک بشمول امریکہ، کینیڈا، انگلینڈ، ، جاپان، گیانا، چلی، کوستا ریکا، کولمبیا، گواتا مالا، ارجنٹائن ، روس، کروشیا، اسپین، پورتوریکو اورایکیواڈورکے سو سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ سہ روزہ ٹورنامنٹ میںسخت مقابلوں کے بعد ”چلی ”سب سے زیادہ میڈلز جیت کر ٹرافی کا حق دار قرار پایا۔پاکستان نیوز کینیڈا کے ایگزیکٹو ایڈیٹر محمد مدثر وہیل چیئر کیٹیگری میں امریکی کھلاڑی احد سراند کے ہمراہ مسلسل تین کامیابیوں کے ساتھ فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سیمی فائنل میں انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کو کڑے مقابلے کے بعد پانچویں میچ میں شکست دے کردونوں کھلاڑی فائنل میں چلی کے کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلے کیلئے رسائی حاصل کر سکے۔ چلی کیخلاف سخت مقابلے میں پانچویں میچ میں صرف دو پوائنٹ سے شکست کے سبب گولڈ میڈل جیتنے میںناکام رہے جبکہ محمد مدثر اور احد سراند سلور میڈل جیت کر پوڈیم میں جگہ بنا پائے۔ پاکستان نیوز کی تمام ٹیم بشمول پبلشر مجیب ایس لودھی، شکاگو کے بیورو چیف رانا جاوید،شکاگو سے انوررومی ، ہیوسٹن کے بیورو چیف شمیم سید، ٹورنٹو سے محمد طیب ممتاز، واشنگٹن کے بیورو چیف جاوید کوثر ، مارکینٹنگ منیجر افشیں، لاہور آفس سے محمد نوید اطہر، عاصم لطیف، شہباز دل محمد، محمد اسلم، رضوان رسول، محمد رضوان اوراسامہ حاشر نے محمد مدثر کو ان کی اس شاندار کامیابی پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔