کراچی:
اداکار احد رضا میر نے کرتارپور راہداری کھلنے کے موقع پر سکھ یاتریوں کی آمد پر خوشی کا اظہار کرنے والے بس ڈرائیور صدام حسین کی تلاش کے لئے مدد کی درخواست کردی۔
کرتار پور راہداری کے افتتاح کے موقع پر بھارت سے آئے کئی سکھ یاتریوں نے شرکت کی اور جب کہ اس موقع بھارتی صحافی رویندر سنگھ روبن نے راہداری کے مقام پر بس چلانے والے پاکستانی ڈرائیور سے گفتگو کی جس پر ڈرائیور نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اتنی خوشی ہے کہ جس کا اندازہ میری آنسوؤں سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپ لوگ اپنے گورو کے گھر آئے ہو۔
صدام حسین نے یہ بھی کہا کہ مجھے آپ لوگوں کی خوشی کا احساس ہے اس وقت آپ لوگوں کو ایسی ہی خوشی محسوس ہو رہی ہوگی جیسے ہم لوگوں کو حج پر جانے کی ہوتی ہے۔ مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ آج پورا پنجاب اکھٹا ہو گیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ راستے کھلے ہیں آپ لوگ جب چاہیں آئیں۔
احد رضا میر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بس ڈرائیور صدام حسین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ رحم دلی، انسانیت اور امن ہی ہے جس کو ہر پاکستانی نہ صرف محسوس کرتا ہے بلکہ اس کی جانب قدم بڑھاتا ہے۔
احد رضا میر نے یہ بھی کہا کہ صدام حسین نے حقیقت کو بیان کیا ہے کہ پاکستان ہر کسی کو خوش آمدید کہتا ہے۔ آپ ہی ہیں جوکہ ہمارے اصل ہیرو ہیں۔
احد رضا میر نے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی صدام سے رابطہ کروانے میں میری مدد کر سکتا ہے کیوں کہ میں اُن سے ملنا چاہتا ہوں اور ملک کا بہترین سفیر ہونے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو بنانے پر بھارتی صحافی رویندر سنگھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔