نئی دہلی:
بھارتی دارالحکومت میں بدترین آلودگی کی وجہ سے ’ایئر کوالٹی‘ نہایت پست ہوچکی ہے جس کی وجہ سے پورا شہر ایک گیس چیمبر میں تبدیل ہوگیا ہے۔
دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیئے جانے والے شہر دہلی میں حکومتی کاوشیں کم پڑنے پر شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت احتیاطی اور تادیبی تراکیب کا استعمال شروع کر دیا۔
اس سلسلے کی ایک کڑی میں شہر میں پہلا ایسا بار کھولا گیا ہے جس میں نشہ آور مشروبات کے بجائے صارفین کو ’آکسیجن‘ فراہم کی جائے گی۔ کسی اسپتال کے بجائے ایک بار میں آکسیجن کی مقدار پوری کرنا ایک فرحت بخش تجربہ ہے۔
یہ اپنی نوعیت کا پہلا بار ہے جس میں ابتدائی طور پر روزانہ 10 سے 15 صارفین آکسیجن حاصل کررہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ باہر فضا میں آکسیجن کی شدید کمی ہے جسے پورا کرنے کے لیے یہ بہترین جگہ ہے۔ اس بار میں آکسیجن گھر لے جانے کی بھی سہولت دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 300 سے 400 کے درمیان جب کہ پرٹیکولر میٹر کی سطح صرف 2.5 سے 10 کے درمیان ہے جس سے سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے اور شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔