واشنگٹن:
امریکی ایوان نمائندگان نے ہانگ کانگ کے حقوق سے متعلق بل پاس کرلیا اور امید کی جارہی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس بل پر دستخط کردیں گے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے ہانگ کانگ میں مظاہرین کی حمایت کے لیے دو بل پاس کرتے ہوئے چین کو انسانی حقوق سے متعلق خبردار کیا ہے۔ ’ہانگ کانگ ہیومن رائٹس اینڈ ڈیموکریسی ایکٹ‘ کے نام سے بل کو 417 ووٹ ملے اور بل کی مخالفت میں صرف ایک ووٹ آیا۔
خیال رہے امریکی سینیٹ کی جانب سے گزشتہ ماہ بھی ہانگ کانگ کی حمایت میں اسی قسم کا بل پاس کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایوان نمائندگان کی جانب سے پاس ہونے والے بل کو اب وائٹ ہاؤس بھیجا جائے گا جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اس بل کو منظور کریں یا چین سے جاری معاشی مذاکرات کے پیش نظر اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس بل کو ویٹو کردیں۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: ہانگ کانگ میں پولیس کا يونيورسٹی پر دھاوا، طلبہ سے زبردست جھڑپیں
دوسری جانب ہانگ کانگ کی حمایت میں بل کی منظوری پر چین نے امریکا سے سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امریکا ہانگ کانگ میں مداخلت بند کرے کیوں کہ یہ چین کا اندرونی معاملہ ہے۔
واضح رہے کہ ہانگ کانگ چین کا خود مختار علاقہ ہے جہاں جمہوریت کے حق اورچینی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر پرُتشدد مظاہرے جاری ہیں۔