بغداد:
عراق میں حکومت مخالف مظاہرین پر مسلح حملے میں 25 مظاہرین کی ہلاکت کے فوری بعد مقبول سیاسی رہنما مقتدا الصدر کے گھر پر ڈرون کے ذریعے راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں حالیہ انتخابات میں غیر متوقع طور پر کامیاب ہونے والے سیاسی جماعتوں کے اتحاد ’سائرون‘ کے روحانی پیشوا مقتدا الصدر کے گھر پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ مکان کے کچھ حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
حملے کے وقت صدرسٹ موومنٹ کے سربراہ مقتدا الصدر مظاہروں میں شرکت کی وجہ سے گھر میں موجود تھے، مقتدا الصدر کے گھر پر راکٹ حملہ خیلانی اسکوائر پر جمع سیکڑوں مظاہرین پر نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے واقعے کے بعد ہوا جس میں 25 افراد ہلاک اور 180 زخمی ہوگئے تھے۔
–