راولپنڈی:
تھانہ کینٹ کے علاقے صدر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہل کار شہید جب کہ خاتون سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی تھانہ کینٹ کے علاقے صدر میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک ڈولفن اہلکار شدید زخمی ہوگیا جب کہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر خاتون بھی زخمی ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گرد نے ناکہ پر کھڑے محافظ پیٹرولنگ اسکواڈ کے پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر نعرہ لگایا اور فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے، جب کہ فائرنگ کی آواز سن کر ڈولفن اہل کار موقع پر پہنچا تو دہشت گرد نے اس پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ اور ایک راہ گیر خاتون بھی زخمی ہوگئے۔
تمام زخمی افراد کو ڈی ایچ کیو اور شہید بے نظیر اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو پولیس اہلکار ہیڈ کا.نسٹبل محمد علی اور کانسٹیبل سعید شہید ہوگئے جب کہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈولفن اہلکار حسن اکرم اور سمیرا نامی خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد علی کا تعلق گوجر خان اور سعید احمد چونترہ کا رہائشی ہے، اور دونوں ہی شادی شدہ تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والا دہشتگرد سیالکوٹ آپریشن میں مارے جانے والے چار دہشتگردوں کا ساتھی تھا، دہشت گرد کی شناخت آفتاب کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق قصور سے ہے۔