چین میں کورونا وائرس سے مزید 44 افراد ہلاک، ایران میں جمعہ کے اجتماعات منسوخ

0
73

بیجنگ .:

چین میں کورونا وائرس سے مزید 44 افراد ہلاک ہوگئے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 2858 ہوگئی۔

چینی میڈیا کے مطابق قومی صحت کمیشن کے مطابق چین میں کورونا سے مزید 327 افراد متاثر ہوگئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہزار 824 ہوگئی۔

چینی حکام کا دعویٰ ہے کہ وائرس کی شدت کم ہونے لگی ہے اور 36 ہزار 117 مریضوں کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔

 

دوسری جانب جنوبی کوریا، ایران اور اٹلی بھی اس جان لیوا بیماری سے کافی متاثر ہیں۔ جنوبی کوریا میں مزید 761 افراد کورونا کا شکار ہوگئے اور مجموعی تعداد 2022 ہوگئی۔

ایران میں 1000 افراد اس خطرناک بیماری میں مبتلا ہوگئے جن میں سب سے زیادہ مذہبی مقدس شہر قم میں ہیں۔ ایران کے کئی اعلیٰ حکام بھی کورونا وائرس سے متاثر ہیں جن میں نائب وزیر خواتین و خاندانی امور معصومہ بھی شامل ہیں۔ ایران میں خوف و ہراس کی فضا ہے جس کے باعث بڑے شہروں میں جمعہ کے اجتماعات منسوخ کردیے گئے ہیں۔

ادھر جاپان میں کرونا وائرس سے 4  افراد ہلاک، 919 متاثر، اٹلی میں 17 افراد ہلاک، 653 متاثر، فرانس میں 38 افراد،  جرمنی میں 27، اسپین میں 15،  امریکی ریاست کیلی فورنیا میں 33 افراد متاثر ہیں۔

امریکی حکام نے بحرالکاہل کا سفر کرنے والے امریکی جہازوں کو 14 روز تک سمندر میں قرنطینہ میں رہنے کا حکم دیا ہے تاکہ اس عرصے میں اگر ان میں کوئی کورونا وائرس کا مریض ہے تو سامنے آجائے۔

علاوہ ازیں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات سے عالمی اسٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار ہوگئیں اور تین بڑی اسٹاک مارکیٹیں 10 فیصد گراوٹ کے ساتھ بند ہوئیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کی اسٹاک مارکیٹ کو سنبھالا دینے کی کوشش بھی ناکام رہی اور ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایک دن میں 1200 پوائنٹ گرگئی۔ ڈاؤ جونز میں 4.42 فیصد، نیسڈیک 4.60 اور ایس اینڈ پی میں 4.40 فیصد کمی ہوگئی۔

ماہرین نے امریکی معیشت کو اتنا بڑا نقصان دہ اور ایک خون آلود دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں مندی سےاہم اشاریوں کا منافع ختم ہوسکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here