لاہور:
ایشیا کپ یو اے ای میں ہوگا، پاکستان سے پہلے ہی بھارت نے فیصلہ سنا دیا۔
پی سی بی کو ستمبر، اکتوبر میں ایشیاکپ کی میزبانی کرنا ہے، بھارتی ٹیم کے پاکستان میں کھیلنے سے انکارکے بعد2 راستے ہیں،یا تو ایونٹ کا انعقاد پڑوسی ملک کی شمولیت کے بغیر ہی ہو یا مقابلے یواے ای میں کرائے جائیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی متوقع آمدنی متاثر ہونے کے پیش نظر ایونٹ کسی نیوٹرل وینیو پر کرانے کا عندیہ دے چکے ہیں تاہم حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کو کرنا ہے۔
ایک بھارتی اخبار کے مطابق اے سی سی کا اہم اجلاس منگل3 مارچ کودبئی میں طلب کیاگیا ہے، اس میں پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان بھی شرکت کریں گے، بورڈ کے سربراہ ہفتے کو دبئی جا رہے ہیں جبکہ چیف ایگزیکٹیو کی روانگی اتوار کو ہوگی۔
اس سے قبل ہی بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی نے ایونٹ یو اے ای میں ہونے کا اعلان کردیا، میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں بھارتی ٹیم بھی شریک ہوگی۔
دوسری جانب پی سی بی نے اس بیان کو یکطرفہ قرار دے دیا، ترجمان نے واضح کیاکہ اے سی سی کے صدر سارو گنگولی نہیں نظم الحسن ہیں ایشیاکپ کے میزبان کا فیصلہ 3 مارچ کو ہوگا۔