تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کی خبروں میں صداقت نہیں، سندھ حکومت

0
148

کراچی:

ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صوبے کے تعلیمی ادارے ایک ماہ تک بند رکھنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون، ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب میں سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو ایک ماہ بند رکھنے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں یہ خبر مکمل بے بنیاد اور بعید از حقائق ہے۔

مرتضٰی وہاب نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے حوالے سے اجلاس منعقد کرتے ہیں اور وزیر صحت بھی اس معاملے پر وزیر اعلی سندھ کو حفاظتی تدابیر کے حوالے سے مطلع کرتے ہیں۔ گزشتہ اجلا س میں پی ایس ایل میچ منعقد نہ کرانے کی کوئی تجویز نہیں دی گئی اور نہ ہی تعلیمی اداروں کی چھٹیاں بڑھانے کے حوالے سے کوئی بات کی۔

 

ترجمان حکومت سندھ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے اب تک 13 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کو مکمل نگہداشت میں رکھا جا رہا ہے، جن میں سے ایک مریض مکمل صحت یاب ہو چکا ہے، 13 مارچ کے بعد اگر مزید رپورٹ ملی کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے تو سندھ حکومت اسی تناظر میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کرنے کی مجاز ہوگی۔

دوسری جانب سیکریٹری تعلیم خالد حیدر شاہ نے اسکولوں کی چھٹیاں بڑھانے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکولوں کی چھٹیاں بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، سندھ میں تمام تعلیمی ادارے 16 مارچ کو کھل جائیں گے اور تدریسی عمل 16 مارچ سے ہی شروع ہوگا، امتحانات بھی طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے، اب تک کسی قسم کی تبدیلی کے لیے کوئی تجویز نہیں دی گئی۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here