پاکستان کے کتنے ایف-16 طیارے تباہ ہو چکے ہیں؟

0
120

اسلام آباد(پاکستان نیوز) ایف-16 جنگی طیارہ پاکستان کی فضائی افواج کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتا ہے۔ امریکہ سے ملنے والے ایف-16 طیاروں کے پاکستان میں اب تک 10 حادثات ہو چکے ہیں جن میں سے کچھ میں پائلٹس زندہ بچنے میں کامیاب ہو گئے اور بعض میں ناکام رہے۔ پاکستان کو امریکہ کی طرف سے ک±ل کتنے ایف-16 طیارے فراہم کیے گئے؟ اس بارے میں پاکستان کی فضائیہ یا کسی اور ادارے نے باضابطہ اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں۔ البتہ یہ معلومات موجود ہیں کہ اب تک 10 ایف-16 طیارے مختلف حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں ایف-16 طیارے کا پہلا حادثہ 18 دسمبر 1986 کو ہوا تھا۔ سرگودھا کے قریب ہونے والے اس حادثے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔ دوسرا حادثہ 29 اپریل 1987 کو ہوا جب غلطی سے جہاز پر فائر کیا گیا۔ اس حادثے میں بھی پائلٹ محفوظ رہا۔ چار ستمبر 1989 کو تیسرا حادثہ ہوا جب تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ایک ایف-16 طیارے کے آلات نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ جہاز سرگودھا سے کچھ کلو میٹر پہلے گر کر تباہ ہوا اور حادثے میں پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا۔ کامرہ کے قریب 16 جون 1991 کو تربیتی پرواز کے دوران طیارے کا انجن فیل ہونے کے باعث اسکوارڈن لیڈر سید حسن رضا کو ایجیکٹ کرنا پڑا اور جہاز تباہ ہو گیا۔ ستائیس اکتوبر 1991 کو اٹک کے قریب ایک اور ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوا جس میں اسکوارڈن لیڈر ندیم انجم محفوظ رہے۔ اطلاعات کے مطابق اس جہاز کا بھی انجن فیل ہوا تھا۔ انجن فیل ہونے کی وجہ یہ تھی کہ معمول کی مرمت کے دوران جہاز کے انجن میں اصل پرزہ نصب نہیں کیا جا سکا تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب پاکستان پر پابندیوں کی وجہ سے جہاز کے پرزوں کی فراہمی معطل کر دی گئی تھی۔ نومبر 1993 میں ایف-16 بی بلاک 15 طیارہ پرندہ ٹکرانے کے باعث گر کر تباہ ہوا۔ اس حادثے میں بھی دونوں پائلٹس جہاز سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ سترہ مارچ 1994 کو سرگودھا کے قریب ایف سولہ اے بلاک 15 طیارہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر گر کر تباہ ہوا جس میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ جولائی 2009 میں سرگودھا کے قریب نور پور کے علاقے میں تربیتی مشن پر موجود طیارہ گر کر تباہ ہوا جس میں اسکوارڈن لیڈر غلام نبی ہلاک ہوئے۔ اسلام آباد میں آج 11 مارچ 2020 کو شکرپڑیاں کے قریب ہونے والے حادثے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم ہلاک ہوئے ہیں۔ اس حادثے کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ تاہم یہ طیارہ 23 مارچ کو ہونے والی پریڈ کے لیے مشقوں میں مصروف تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here