تہران:
ایران میں کورونا وائرس سے مزید 135 ہلاکتوں کے باعث مجموعی تعداد ایک ہزار تک جاپہنچی ہے جس کے بعد 85 ہزار قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کردیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، 24 گھنٹوں میں مزید 135 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ 1100 مزید نئے مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے سبب حکومت کی جانب سے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں جن میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کے علاوہ دو اہم مزاروں کی بندش اور 85 ہزار قیدیوں کی عارضی رہائی بھی شامل ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات تاخیر سے اُٹھائے گئے اور تاحال ایران اس وبائی مرض کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوتا نظر آرہا ہے اور وہاں آئندہ دنوں میں صورت حال مزید گھمبیر ہوسکتی ہے۔
ادھر عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے وبائی مرض کو موجودہ دور میں ’صحت کا سب سے بڑا بحران‘ قرار دے دیا ہے۔ چین کے بعد اس مہلک بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک اٹلی ہے جہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ تیسرے نمبر پر ایران ہے۔