بغداد:
عرق میں سیاسی بحران نے مزید شدت اختیار کرلی ہے اور دو ہفتے کی تاخیر کے بعد گورنر نجف کو ملک کا نیا وزیر اعظم مقرر کردیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی صدر برہم صالح نے نجف کے گورنر عدنان الزرفی کو ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کردیا ہے۔ 54 سالہ وزیراعظم کو ایک ماہ کے مختصر آئینی مدت میں اپنی کابینہ تشکیل دینی ہوگی اور اسے صدر سے منظور بھی کرانا ہوگا۔
قبل ازیں 2 فروری کو سابق وزیر ٹیلی کمیونیکشن محمد توفیق علاوی کو ملک کا وزیراعظم مقرر کیا گیا تھا تاہم وہ ایک ماہ کے آئینی مدت کے دوران اپنی کابینہ تشکیل دینے میں ناکام رہے تھے جس کے بعد یہ ذمہ داری نئے وزیراعظم کو سونپی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے سابق وزیر اعظم عادل عبد المہدی کو ملک میں کئی ماہ سے جاری مہنگائی اور بیروزگاری پر پھوٹنے والے عوامی مظاہروں کے دوران درجنوں ہلاکتوں پر گزشتہ برس 30 نومبر کو مستعفی ہونا پڑا تھا تاہم اب تک سیاسی بحران پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔