کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والی ہالی ووڈ فلمیں

0
420

کورونا وائرس کے خوف نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے دنیا کے بیشتر ممالک کی سڑکیں اورگلیاں کورونا وائرس کے باعث سنسان ہوگئی ہیں عالمی اداراہ صحت ڈبلیو ایچ او نے کورونا کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے۔

اس جان لیوا وائرس کا اثر ہالی ووڈ پر بھی پڑا ہے اور اب تک آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ٹام ہینکس، ان کی اہلیہ ریٹا ولسن اور اوینجرز اسٹار ادریس البا سمیت 5 ہالی ووڈ اداکار اس موذی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے پیش نظر ہالی ووڈ کے بڑے بینر اور بڑے بجٹ کی متعدد فلموں کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی ہے۔

آئیں دیکھتے ہیں کورونا وائرس ہالی ووڈ پر کس طرح اثر انداز ہورہا ہے۔

 

میٹرکس4

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کوروناوائرس کو عالمی وبا قرار دئیے جانے کے بعد ہالی ووڈ کے بڑے پروڈکشن ہاؤسز میں شمار ہونے والے وارنر بروس نے فلم ’’دی میٹرکس‘‘ کی پروڈکشن بند کردی ہے۔ ابتدا میں کورونا کے باعث فلم سان فرانسسکو سے برلن منتقل کردی گئی تھی بعد ازاں اس کی شوٹنگ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

فنٹاسٹک بیسٹس3

امید کی جارہی تھی کہ 2016 میں ریلیز ہوئی مشترکہ برطانوی اور امریکی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’فنٹاسٹک بیسٹس اینڈ وہیئر ٹو فائنڈ دیم‘‘ سیریز کی تیسری فلم ’’فنٹاسٹک بیسٹس3‘‘ کی پروڈکشن پیر سے برطانیہ میں شروع کردی جائے گی، تاہم وارنر بروس نے کورونا کے خطرے کے پیش نظر اس فلم کی شوٹنگ بھی منسوخ کردی۔

لائف آف ایلوس پریسلے

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ٹام ہینکس آسٹریلیا میں ایلوس پریسلے کی زندگی پر مبنی فلم میں کام کررہے تھے۔ فلم کے نام کا اعلان ابھی تک نہیں کیاگیا ہے، تاہم گزشتہ ہفتے ٹام ہینکس اوران کی اہلیہ ریٹا ولسن میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد اس فلم کی شوٹنگ روک دی گئی جب کہ ٹام اور ان کی اہلیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

مشن امپاسبل7

ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز کی سپر ہٹ ’’مشن امپاسبل‘‘ سیریز  کی ساتویں فلم ’’مشن امپاسبل7‘‘ کی شوٹنگ اٹلی کے شہر وینس میں ہونی تھی۔ تاہم کورونا وائرس کے باعث پورے اٹلی کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جب کہ فلم کی شوٹنگ بھی موخر کردی گئی ہے۔ فلم کو بنانے والی ہالی ووڈ پروڈکشن کمپنی پیراماؤنٹ پکچرز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ عملے اور کاسٹ کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے منسوخ کی گئی ہے۔

دی بیٹ مین

وارنر بروس پروڈکشن ہاؤس نے سپر ہیرو فلم ’’دی بیٹ مین‘‘ کی شوٹنگ بھی دو ہفتوں کے لیے موخر کردی ہے۔

جراسک ورلڈ؛ ڈومینین

کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دئیے جانے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے یونیورسل اسٹوڈیو کی تمام لائیو ایکشن فلموں کی شوٹنگ جن میں ’’جراسک ورلڈ؛ ڈومینین‘‘ اور ’’فلنٹ اسٹرونگ‘‘ بھی شامل ہے کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ فلم ’’جراسک ورلڈ؛ ڈومینین‘‘ کو 2021 میں ریلیز کیا جاناتھا لیکن اب فلم کی شوٹنگ کی منسوخی اس کی ریلیز میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

دی لٹل مرمیڈ

والٹ ڈزنی کمپنی جسے عام طور پر ڈزنی بھی کہا جاتا ہے نے لائیو ایکشن فلم ’’دی لٹل مرمیڈ‘‘ کی پروڈکشن کو ملتوی کردیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈزنی کی ایک اور فلم ’’ہوم الون‘‘ کی پروڈکشن بھی ملتوی کردی گئی ہے۔

سماریٹن

ہالی ووڈ سپر اسٹار سلویسٹر اسٹالون کی سپر ہیرو فلم ’’سماریٹن‘‘ کی شوٹنگ حفاظتی اقدامات کے تحت دو ہفتوں تک منسوخ کردی گئی ہے، فلم کی شوٹنگ اٹلانٹا میں ہونی تھی۔

دی کارڈ کاؤنٹر

امریکن اسکرین رائٹر، ڈائریکٹر اور فلمی تجزیہ نگار پال جوزف شارڈر نے فیس بک پر اعلان کیا ہے کہ ان کی فلم ’’دی کارڈ کاؤنٹر‘‘ کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔

ریڈ نوٹس

روسن مارشل تھربر کی ایکشن، تھرلر اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’’ریڈ نوٹس‘‘ کی شوٹنگ بھی دو ہفتوں کے لیے روک دی گئی ہے۔ فلم میں ہالی ووڈ سپراسٹار ڈوائن جانسن، گال گوڈیٹ اور ریان رینالڈز اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

شرائن

امریکن فلم پروڈکشن کمپنی اسکرین گمز کی ہارر تھرلر فلم ’’شرائن‘‘ کی شوٹنگ کو چار ہفتوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ اس فلم کے ذریعے اسکرین رائٹر ایوان ڈائریکشن کے شعبے میں قدم رکھ رہے تھے جب کہ امریکن اداکار جیفری ڈین مورگن فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here