کورونا وبا پر ناقص انتظامات ؛ عالمی ادارہ صحت نے ایشیائی ممالک کو خبردار کردیا

0
259

سان فرانسسكو:

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو ناقص انتظامات پر خبردار کرتے ہوئے ان ممالک کو زیادہ سے زیادہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جنوب مشرقی ایشیا کی علاقائی سربراہ ڈاکٹر پونم کھیترپال سنگھ نے ان ممالک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک بالخصوص جنوب مشرقی خطے کے ممالک کو تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کا مقابلہ ہے۔

ڈاکٹر پونم کھیترپال سنگھ نے مزید کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے میں یکسر ناکام نظر آئے ہیں۔ ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر پونم نے ان ممالک کے اب تک کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ناکافی قرار دیا اور ہنگامی اقدامات کو مزید تیز اور سخت کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے سے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور صرف 3 دن کے دوران اس میں 2 گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پاکستان میں 250، بھارت میں 144 انڈونیشیا میں 172 ، تھائی لینڈ میں  177، بنگلہ دیش میں 10 اور سری لنکا میں 44 تک جا پہنچی ہے۔

چین کے بعد اس مہلک وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک اٹلی ہے جس کے بعد دوسرا نمبر ایران کا آتا ہے جہاں اس وائرس سے ارکان پارلیمنٹ سمیت ملک کی اہم ترین مذہبی شخصیت بھی انتقال کرگئے جب کہ متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here