کورونا نے پاکستانی کمیونٹی کو بھی شکنجے میں لے لیا، خاور گھمن کی اہلیہ سمیت6جاں بحق

0
203

نیویارک (پاکستان نیوز) پاکستانی کمیونٹی بھی کوروناکے شکنجے میں آنے لگی ، معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر خاور گھمن کی اہلیہ روبینہ خاور کرونا وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئیں ،معروف شخصیت فضل حق کے چھوٹے بھائی عطا الرحمن ،پیپلزپارٹی نیویارک کے رہنما ملک مشتاق اور گہوارہ ادب یو ایس اے سینٹرل کے پہلے انچارج روحیل خان بھائی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں ، تفصیلات کے مطابق ممتاز سماجی شخصیت ڈاکٹر خاور گھمن کی اہلیہ روبینہ خاور کورونا کا شکار ہونے کے بعد مقامی ہسپتال میں چار روز تک زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملیں ، اس وقت ان کی پوری فیملی کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہسپتال میں زیر علاج ہے ، عطا الرحمن جو کہ کمیونٹی کی معروف شخصیت فضل حق کے چھوٹے بھائی تھے ، وہ گزشتہ دنوں رات کو ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گئے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نیویارک کے رہنما ملک مشتاق ہفتے کی رات دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ان کی عمر65سال تھی۔ وہ لیمو زین گاڑی چلاتے تھے اور کرونا وبا کی موجودہ صورتحال کے باوجود کام کررہے تھے۔ ہفتے کی صبح معمول کے مطابق کام پر گئے لیکن پانچ گھنٹے کے بعد گھر واپس آکر کچھ دیر کے بعد سو گئے۔ ان کی اہلیہ نے معمول کے مطابق ہفتے کی رات دس ساڑھے دس بجے کے قریب انہیں اٹھایا لیکن وہ نہیں اٹھے اور ان کا جسم سرد تھاجس کے بعد ان کی اہلیہ نے ایمبولینس کو کال کی اور میڈیکل حکام نے بتایا کہ ملک مشتاق کا دو گھنٹے قبل نیند کے دوران ہارٹ اٹیک کی وجہ سے انتقال ہو گیا ہے۔ ملک مشتاق کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں میں ہوتا تھا۔وہ عمر بھر محنت اور مزدوری کرکے امریکہ میں اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتے تھے۔ انہوں نے نیویارک میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں بھی اپنا کام جاری رکھا اور ہفتہ 28مارچ کو جس روز ان کا انتقال ہوا، اس دن بھی کام کرکے آئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس ا ے کے چوہدری اعجاز فرخ، سرورچوہدری ، مدثرچوہدری ، میاں بشارت ، شفقت تنویر،شوکت بھٹہ ، خالد اعوان، فراست چوہدری ، ظفر چٹھہ ، مجیب حسن ،حبیب میمن ،طاہر حبیب سلیمی ،نسیم گلتی ،فریدہ خان ،حفیظ کاہلوں ، سیمی اسد، راجہ اسد، سلمان بٹ، ارشد چوہدری ،بابر اعظم، خرم شہزاد سمیت ساتھیوں نے ملک مشتاق کی موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عظیم جمہوریت پسند ساتھی سے محرو م ہو گئی ہے جنہوں نے عمر بھر جمہوریت کی بے لوث خدمت کی۔روحیل خان بھائی بھی نیورک میں زندگی کی بازی ہار گئے ہیں ، اللہ رب العزت ان کی مغفرت فرمائے اورجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرماے (آمین) انتہائی ملنسار ، خوش اخلاق،اردوزبان کے علمبردار تھے۔زبان وبیان پر انہیں عبور حاصل تھا۔ان کی انتھک کاوشوں نے امریکہ میں گہوارہ ادب کے زیر اہتمام اردو مشاعروں کو نیا رخ عطا کیا۔ انکی وفات سے اردو ارب میں جو خلا پیدا ہوا ہے وہ مدتوں پُر نہ ہوسکے گا۔ اللہ تعالی انکے لواحقین ، دوستوں، اور احباب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔بھارت کی علی گڑھ المنائی یونیورسٹی کے متحرک رکن اسلام الدین خان بھی 54سال کی عمر میں کورنا وائرس کا شکار ہو کر دنیا سے رحلت فرما گئے ، بنگلہ دیشی اخبار کے مالک برادر طاہر نے بتایا کہ 40 سے زائد بنگالی بھی کورونا کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد متاثر ہیں ، واضح رہے کہ نیویارک کے گنجان آباد علاقے کوئینز میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں رونما ہوئی ہیں۔78سالہ نیویارک کا رہائشی ملک عنایت اللہ خان بھی کورونا وائرس کا شکار کو کر زندگی کی بازی ہار گیا ، دو ہفتے قبل ان کو ہسپتال داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کی طبعیت میں بہتری کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا تھا لیکن پانچ روز بعد دوبارہ وائرس کا شکار ہوئے اور اس مرتبہ وہ موت کے ہاتھوں شکست کھا گئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here