یونس خان کا کھلاڑیوں کو مسلسل محنت اور کبھی ہمت نہ ہارنے کا مشورہ

0
734

کراچی:

سابق کپتان یونس خان نے آن لائن سیشن میں کہا کہ کریز پر مزاحمت اور کارکردگی میں تسلسل لانے کی کوشش کریں، مضبوط کردار اور قربانی کا جذبہ پیدا کرنا سیکھیں۔

پی سی بی کی جانب سے منعقدہ آن لائن سیشنز میں سابق کھلاڑیوں کا موجودہ کرکٹرز کو آن لائن لیکچرز دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل ماضی کے عظیم کرکٹرز جاوید میانداد، وسیم اکرم، راشد لطیف، مشتاق احمد ،محمد یوسف اور شعیب اختربھی  قومی کرکٹرز کو آن لائن ٹپس دے چکے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے سابق کرکٹر نے کہا کہ نمایاں بلے بازی کے لیے کارکردگی میں تسلسل لانا  ضروری ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور ایمرجنگ بلے بازوں کو کریز پر مزاحمت کرنے کا جذبہ پیداکرنے کی  ہدایت کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے کھلاڑیوں سے ایک اچھے بیٹسمین کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بہتری لانے پر زور دیا، فیلڈنگ میں بہتری کھلاڑی کی انفرادی محنت پر منحصر ہوتی۔

 

یونس خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں کو مضبوط کردار اور قربانی کا جذبہ پیدا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس نے ٹوٹی ہڈیوں سے بھی پاکستان کی نمائندگی کی،  بڑا کرکٹر بننے کے لیے زندگی میں خود کو چیلنج کرنا سیکھیں،جب آپ خود سے  سوال کریں گے تو بہتری کی جانب بڑھیں گے۔

آن لائن لیکچر میں سابق کپتان نے کہا کہ دیانتداری اور جامع منصوبہ بندی ایک عام کھلاڑی کو لیجنڈری کرکٹر میں تبدیل کردیتی  ہے، عمران خان کی مثال دیتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ اپنی  زندگی میں ان کی دیانتداری اور منصوبہ بندی نے انہیں وزیراعظم  کے منصب تک پہنچا دیا ہے۔

واضح رہے یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچوں میں 10099رنزبنائے، طویل طرز کی کرکٹ میں52اعشاریہ 5کی اوسط سے رنز بنانے والے یونس خان کے کیرئیر میں 34 سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ سابق کرکٹر نے ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بالترتیب 7249 اور442 رنز بنائے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here