کراچی: اداکارہ و میزبان وینا ملک کا کہنا ہے کہ ترک ڈرامے ’’ارطغرل‘‘ نے میرا جسم میری مرضی کے نعرے کو دفن کردیا ہے۔
اداکارہ وینا ملک نے ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کی پاکستان میں غیر معمولی مقبولیت کے حوالے سے کہا ہے کہ ترک ڈراما ارطغرل ترکی سے زیادہ پاکستان میں مقبول ہو رہا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام کی سوچ اور پسند آج بھی اسلامی روایات کے مطابق ہے۔
وینا ملک نے مزید کہا اس ڈرامے کی مقبولیت نے “میرا جسم میری مرضی” نعرے کو دفن کردیا ہے پاکستانی انڈسٹری کو تباہ ہونے سے بچنا ہے تو مغربی کلچر کو چھوڑنا ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈراماسیریل ’’دیریلش ارطغرل‘‘ پاکستان میں ’’ارطغرل غازی‘‘ کے نام سے اردو زبان میں ڈب کرکے پیش کیا جارہا ہے۔ اس ڈرامے کی پہلی قسط نے ہی یوٹیوب پر مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ ’’ارطغرل غازی‘‘ کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر تین ہفتوں میں 30 ملین ویوز یعنی 3 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے جب کہ ترکی میں اس ڈرامے کو 5 برسوں کے دوران 12 ملین ویوز یعنی ایک کروڑ 20 لاکھ بار دیکھا گیا تھا۔
ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ’’ارطغرل غازی‘‘ کے مرکزی اداکاروں ارطغرل اور حلیمہ سلطان (انجن التان اور اسریٰ بلجک) نے دیکھتے ہی دیکھتے پاکستانیوں کے پسندیدہ اداکاروں کا درجہ حاصل کرلیا ہے ۔ جب کہ پاکستانی سوشل میڈیا ڈرامے کے اداکاروں اور جاندار مکالموں سے بھرا پڑا ہے۔
ترک اداکار بھی پاکستانیوں کی محبت کو نظر انداز نہ کرسکے اور انجن اور اسریٰ سمیت ڈرامے کے مختلف اداکاروں نے ترکی سے پاکستانیوں کے لیے نہ صرف محبت بھرے پیغامات بھیجے ہیں بلکہ اپنے پاکستانی مداحوں سے ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔